ایپل کا نیا میک پرو کمپیوٹر یقیناً ای میلز بھیجنے یا یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے لیکن ان مقاصد کے لیے اس کا استعمال کچھ ایسا ہی ہے کہ جیسے فارمولا ون ریسنگ کار پر دکان سے سودا لینے جایا جائے۔
وجہ یہ ہے کہ ایپل نے رواں ہفتے جو اپنا سب سے طاقتور کمپیوٹر فروخت کے لیے پیش کیا ہے اس کی قیمت 65 ہزار ڈالر تک ہو سکتی ہے۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ کمپیوٹر عام صارف کے لیے نہیں ہے بلکہ اس کا ہدف گرافک ڈیزائننگ، ویڈیو ایڈیٹنگ یا سافٹ ویئر انجینئرنگ کے شعبہ جات کے ’پیشہ ور صارفین‘ ہیں۔
ایپل کے چیف آف ڈیزائن جان آئیو نے اس کمپیوٹر کو متعارف کرواتے ہوئے کہا ’اسے مختلف قسم کے صارفین کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے اور اس میں اپنی ضرورت کے مطابق ڈھالنے کی بےحساب سہولیات ہیں۔‘
یہ کمپیوٹر 18 کلوگرام وزنی ٹاور کیسنگ میں پیش کیا گیا ہے اور سٹین لیس سٹیل کے ڈھانچے پر پہیے نصب کرنے کی سہولت بھی ہے بس آپ کو اس کے لیے 400 ڈالر ادا کرنے ہوں گے۔
اس نئے میک پرو کا سب سے سستا ورژن 5999 ڈالر کا ہے۔
اس قیمت میں آپ کو 8 کور ژیون پروسیسر،32 گیگا بائٹ ریم، 8 جی بی کا گرافک کارڈ، 256 گیگا بائٹ کی سولڈ سٹیٹ میموری، فریم، کی بورڈ اور ماؤس ملتا ہے۔
خیال رہے کہ چھ ہزار سے ایک ڈالر کم کی قیمت صرف پراسیسر کی ہے اور اس کے ساتھ استعمال ہونے والی پرو ڈسپلے ایکس ڈی آر سکرین علیحدہ سے خریدنی پڑے گی۔
ہارڈویئر انجینئرنگ کے سینیئر نائب صدر ڈین ریکیو بتاتے ہیں کہ نئے میک پرو کا سب سے بہتر پراسیسر 28 کور ژیون ہے جس کے لیے آپ کو بنیادی قیمت میں سات ہزار ڈالر مزید شامل کرنا پڑیں گے۔
جہاں ایک عام لیپ ٹاپ میں آج کل چار سے آٹھ گیگا بائٹ کی ریم (پروگرامز کو جلدی لوڈ کرنے والا پرزہ) ہوتی ہے، ایپل کے اس کمپیوٹر میں یہ دو سو گنا زیادہ ہے اور 1 سے پانچ ٹیرابائٹ کی ریم کو 25 ہزار ڈالر دے کر حاصل کیا جا سکتا ہے۔
گرافکس کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اس کمپیوٹر میں دو ریڈیون پرو ویگا ٹو ایکسلیریٹر کارڈ لگائے جا سکتے ہیں مگر ان کے لیے آپ کو مزید 10800 ڈالر دینا ہوں گے۔
ڈین ریکیو کے مطابق یہ دنیا کا سب سے طاقتور گرافک کارڈ ہے۔
اب تک یہ سب چیزیں اگر آپ شامل کرنا چاہیں گے تو آپ کا بل 49 ہزار ڈالر کے قریب پہنچ چکا ہو گا۔ لیکن بات یہیں پر ختم نہیں ہوتی۔
اگر 256 گیگا بائٹ کی ایس ایس ڈی کافی نہیں تو مزید 1400 ڈالر کے عوض آپ چار ٹیرا بائٹ کا ایس ایس ڈی کارڈ لگوا سکتے ہیں۔
ریکیو بتاتے ہیں کہ اس کمپیوٹر کے لیے ایپل نے آفٹربرنر نامی ایسا ایکسیلیٹر کارڈ تخلیق کیا ہے جسے پروگرام کیا جا سکتا ہے جو ویڈیوز کی کارکردگی بہتر بناتا ہے لیکن اس کے لیے آپ کو مزید دو ہزار ڈالر خرچ کرنا پڑیں گے۔
اس کے علاوہ 149 ڈالر کا ماؤس پیڈ، 300 ڈالر کا ویڈیو ایڈیٹنگ سافٹ ویئر فائنل کٹ پرو ٹین، اور 200 ڈالر کا موسیقی کی تدوین کے لیے بنایا گیا لوجک پرو ایکس اس کے علاوہ ہے۔
یوں امریکہ میں اس کمپیوٹر کی قیمت ٹیکس کی ادائیگی سے قبل 53247 ڈالر تک پہنچ جاتی ہے۔
جیسا کہ اوپر بتایا گیا کہ اس کمپیوٹر کی قیمت میں مانیٹر شامل نہیں اور جب کمپیوٹر اتنا طاقتور ہو تو اس کے ساتھ عام سکرین کا کیا کام۔ اپیل اس کمپیوٹر کے ساتھ جدید ترین مانیٹر پیش کر رہا ہے۔ پرو ڈسپلے ایکس ڈی آر 32 انچ کی بغیر کناروں والی سکرین والا مانیٹر ہے جو 6K ریزولیوشن والی ویڈیوز کو بھی چلاتا ہے۔
ریکیو کے مطابق سکرین کو روشن تر رکھنے کے لیے یہ مانیٹر خاص طور پر ڈیزائن کیے گئے عدسوں اور ریفلیکٹرز کی مدد سے روشنی کو کنٹرول کرتا ہے۔
اس مانیٹر کے دو ورژن ہیں، جن میں سے ایک عام شیشے والا جبکہ دوسرا نان ٹیکسچرڈ شیشے والا ہے جس کی قیمت 5999 ڈالر ہے۔
اس مانیٹر کے ساتھ ایک پرو سٹینڈ بھی لیا جا سکتا ہے جس پر نصب مقناطیس کی مدد سے مانیٹر کو اپنی ضرورت کے مطابق استعمال کرنا آسان ہو جاتا ہے مگر اس کی قیمت 999 ڈالر ہے۔
آپ اس مانیٹر کو دیوار پر بھی نصب کر سکتے ہیں مگر اس سٹینڈ کے لیے آپ کو 199 ڈالر دینا ہوں گے۔
کل قیمت
یوں اس کمپیوٹر کی مجموعی قیمت 60 ہزار پانچ سو ڈالر تک پہنچ جاتی ہے اور اگر اس میں آلات کی انشورنس اور دیگر سامان جیسے کہ کیبلز، اڈاپٹرز اور کلاؤڈ پر جگہ کو شامل کر لیا جائے اور ہاں ٹیکس بھی تو امریکہ میں اس ایپل میک پرو کی قیمت 65 ہزار ڈالر کے لگ بھگ جا پہنچتی ہے۔
ہاں مگر یہ کمپیوٹر آپ کے پاس پہنچانے کے لیے ایپل آپ سے کوئی رقم نہیں لے گا۔