Site icon DUNYA PAKISTAN

پی سی بی کا رواں برس ایک اور ہوم سیریز کا منصوبہ

Share

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور ایشیا کپ کے انعقاد کے خدشات کے پیش نظر رواں برس ایک اور ہوم سیریز کے لیے مختلف پہلووں پر کام شروع کردیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی کووڈ-19 سے پیدا شدہ حالات بہتر ہونے کی صورت میں اکتوبر اور نومبر میں مختصر طرز کرکٹ کی ہوم سیریز کے لیے کام کررہا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے انگلینڈ کو تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کی دعوت دینے کی سوچ بچارکی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ پی سی بی حکومت پاکستان کی باقاعدہ اجازت کے بعد رواں سال جولائی میں تین ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل مکمل سیریز کے لیے انگلینڈ جانے پر اتفاق کرچکا ہے۔‎

مصدقہ ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے اجلاس کے بعد پی سی بی تین نئے منصوبوں پر کام کررہا ہےجہاں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیسے اہم فیصلے لیے جانے تھے لیکن اجلاس 10 جون تک ملتوی کردیا گیا۔

اطلاعات ہیں کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ رواں برس منعقد نہیں ہوگا گوکہ کرکٹ آسٹریلیا اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) ٹورنامنٹ کے اگلے برس انعقاد پر متفق نہیں ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کی خواہش ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اگلے سال کے لیے ملتوی ہو اور بھارت 2021 کے بجائے 2022 میں ورلڈ کپ کی میزبانی کرے۔

پی سی بی نے آئی سی سی کے اجلاس سے قبل بی سی سی آئی کے فیصلے سامنے آنے کے معاملے کو بھرپور انداز میں اٹھایا ہے اور معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔

آئی سی سی سے دیگر کرکٹ بورڈز نے بھی اس معاملے پر احتجاج کیا اور فیصلوں کے حوالے سے خبریں منظر عام پر آنے کو تشویش ناک قرار دیا۔

اجلاس میں آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے اراکین کی سربراہی میں عالمی ماہرین کے تعاون سے فوری طور پر آزادانہ تحقیقات کروانے پر اتفاق کیا گیا۔

خیال رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم رواں برس جولائی میں انگلینڈ جائے گای جہاں دورے کا آغاز 5 اگست کو پہلے ٹیسٹ میچ سے ہوگا۔

قومی ٹیم دورہ انگلینڈ میں 3 ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچز کی سیریز کھیلے کی اور دورے کا آغاز 5اگست کو پہلے ٹیسٹ میچ سے متوقع ہے۔

طے شدہ شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ 5 سے 9اگست تک مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔

سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 13 سے 17 اگست جبکہ تیسرا ٹیسٹ 21 سے 25 اگست تک ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا۔

ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی اور تینوں میچز اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں بالترتیب 28 اگست، 30 اگست اور یکم ستمبر کو منعقد ہوں گے۔

پاکستانی ٹیم ممکنہ طور پر یکم جون سے لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں دورے کے لیے تیاریوں اور پریکٹس کا آغاز کرے گی اور 25 کھلاڑیوں کو خصوصی چارٹرڈ پرواز کے ذریعے انگلینڈ بھیجا جائے گا۔

قومی ٹیم کی انگلینڈ روانگی جولائی کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے اور وہاں قومی ٹیم کو کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے طور پر 14دن قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

Exit mobile version