Site icon DUNYA PAKISTAN

پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 78 ہزار 824، تقریباً 29 ہزار صحتیاب

Share

پاکستان میں کورونا وائرس دن بدن تشویشناک صورتحال اختیار کرتا جارہا ہے اور گزشتہ روز ریکارڈ کیسز کے بعد آج بھی مزید نئے کیسز اور اموات کی تصدیق کی گئی۔

آج آنے والے نئے اعداد و شمار کے مطابق اب تک ملک بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز 78 ہزار 824 ہوگئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 1658 تک پہنچ گئی ہے۔

اس کے علاوہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز میں ملک اب تک کے ایک روز کے سب سے زیادہ 4155 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ اموات میں بھی 78 کا اضافہ ہوا۔‎

ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کی بات کریں تو ابتدا میں اس کا پھیلاؤ کافی کم تھا لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں تیزی آتی گئی اور اب یومیہ ہزاروں کی تعداد میں کیسز اور درجنوں اموات سامنے آرہی ہیں۔

26 فروری 2020 کو ملک میں اس عالمی وبا کے پہلے کیس کے بعد مختلف طرح کی پابندیاں لگائی گئی جو بعد میں لاک ڈاؤن میں تبدیل ہوگئیں تاہم بعد ازاں اس سے پڑنے والے معاشی اثرات کو دیکھتے ہوئے مئی میں اس میں نرمی کی گئی جبکہ جون میں بعض شعبوں کے علاوہ باقی سب ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت دے دی گئی۔

تاہم جہاں فروری اور مارچ میں پابندیوں اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے کیسز کم تھے وہیں اپریل میں اس میں کچھ اضافہ ہوا جو بعد ازاں مئی میں مزید بڑھ گیا اور اب جون میں بھی اسی کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان میں وائرس کے پہلے کیس سے 31 مارچ تک یعنی ایک ماہ سے زائد عرصے میں تقریباً 2 ہزار کیسز تھے اور 18 مارچ کو ہونے والی پہلی موت کے بعد اس عرصے میں 26 اموات ہوئی تھیں۔

تاہم اپریل میں صورتحال کچھ مختلف رہی اور مہینے کے آخر تک کیسز ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اموات 385 ہوگئیں۔

بعد ازاں مئی کے مہینے میں صورتحال یکسر تبدیل ہی ہوگئی اور ایک ماہ میں 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا اور کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

جون کی ابتدا سے بھی صورتحال کچھ ایسی ہی دکھائی دے رہی ہے اور صرف 2 روز کے دوران 7 ہزار سے زائد کیسز اور 100 سے زائد اموات سامنے آچکی ہیں۔

آج (3 جون) کو بھی ملک میں کورونا وبا کے کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں اس عالمی وبا کے مزید 295 نئے مریض سامنے آگئے جبکہ 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

واضح رہے کہ ابتدا میں اسلام آباد میں کیسز کی تعداد کافی حد تک کم تھی تاہم اب اس میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد 2893 سے بڑھ کر 3 ہزار 188 ہوگئی۔

ساتھ ہی 4 نئی اموات کے سامنے آنے سے وفاقی دارالحکومت میں اموات 34 تک پہنچ گئیں۔

گلگت بلتستان

ادھر گلگت بلتستان جو اس وبا سے کم متاثر تھا وہاں آج ایک روز میں 41 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔

اس کے علاوہ ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا جس کے بعد وہاں اموات کی تعداد 12 ہوگئی۔

تاہم مزید نئے کیسز سامنے آنے سے گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 738 سے بڑھ کر 779 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے مزید 13 مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ ایک فرد کا انتقال بھی ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں ان نئے کیسز کے بعد وہاں اب تک مجموعی کیسز 271 سے بڑھ کر 284 تک پہنچ گئے۔

اسی طرح اموات کی تعداد میں اضافے کے بعد یہ تعداد 6 سے بڑھ کر 7 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

دوسری جانب جہاں کیسز کی تعداد میں ہزاروں میں اضافہ ہورہا وہی صحتیاب افراد کی تعداد بھی اسی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

نئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں مزید 1813 افراد صحتیاب ہوگئے۔

جس کے بعد اب تک ملک میں اس عالمی وبا کو شکست دینے والوں کی تعداد 27 ہزار 110 سے بڑھ کر 28 ہزار 923 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں ان تمام کیسز، اموات اور صحتیاب ہونے والوں کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

مصدقہ کیسز: 78824

اموات: 1658

صحتیاب 28923

فعال کیسز: 48243

اس وقت سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے اور وہاں کیسز 31 ہزار 86 ہیں، جس کے بعد پنجاب کی تعداد ہے اور وہاں 27 ہزار 850 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں اس وبا سے 10 ہزار 897 لوگ متاثر ہوئے ہیں وہیں بلوچستان میں یہ تعداد 4 ہزار 740 ہے۔

اسلام آباد میں 3188، گلگت بلتستان میں 779 اور آزاد کشمیر میں 284 لوگوں کو یہ وبا اپنا شکار بنا چکی ہے۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

پنجاب: 540

سندھ: 526

خیبرپختونخوا: 490

بلوچستان: 49

اسلام آباد: 34

گلگت بلتستان:12

آزاد کشمیر: 07


Exit mobile version