Site icon DUNYA PAKISTAN

کورونا وبا: ملک میں 87 ہزار 209 افراد متاثر، اموات 1816 ہوگئیں

Share

دنیا بھر کو متاثر کرنے والی عالمی وبا کورونا وائرس پاکستان میں بھی زور پکڑ چکی ہے اور گزشتہ 3 روز سے لگاتار ہزاروں کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد چین سے تجاوز کرچکی ہے۔

آج ( 5 جون کو ) مزید 444 کیسز سامنے آنے کے بعد اب تک ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 87 ہزار 209 اور جبکہ اموات 1816 ہوگئیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کو 3 ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے اور اس عرصے کے دوران وبا کے پھیلاؤ میں اضافہ بھی ہوا جبکہ مئی کا مہینہ اب تک کا بدترین ماہ ثابت ہوا۔

ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافے کو دیکھا جائے تو 26 فروری کو پہلا کیس سامنے آیا جس کے بعد 31 مارچ تک مریضوں کی تعداد تقریباً 2 ہزار تھی جبکہ 18 مارچ کو پہلی موت کے بعد اسی ماہ کے اواخر تک یہ تعداد 26 تک پہنچی تھی۔تحریر جاری ہے‎

تاہم اپریل میں عالمی وبا کے کیسز میں اضافہ ہوا اور اسی ماہ کے اختتام تک متاثرین کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی تھی جبکہ اموات بھی بڑھ کر 385 ہوگئی تھی۔

جس کے بعد مئی کے مہینے میں اس صورتحال میں نیا موڑ آیا اور صرف 31 روز میں 54 ہزار سے زائد کیسز جبکہ 1100 سےاموات کے بعد مجموعی کیسز کی 71 ہزار سے زائد اور اموات کی تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی۔

اس کے بعد رواں ماہ جون کا آغاز بھی کچھ اچھا نہیں رہا اور گزشتہ 4 روز میں یومیہ 3 سے 4 ہزار کیسز کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز ملک میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے ایک دن میں سب سے زیادہ20 ہزار 167 ٹیسٹ کیے گئےہے‎

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد جو وائرس کے پھیلاؤ کی ابتدا میں کافی کم متاثر تھا وہاں اب کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافے کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔

سرکاری سطح پر جاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں ایک روز میں ریکارڈ 402 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ مزید 3مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔

نئے اضافے کے بعد اب تک اسلام آباد میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3544 سے بڑھ کر 3946 تک پہنچ گئی ہے۔

گلگت بلتستان

ادھر گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا تاہم یومیہ کیسز کی تعداد گزشتہ روز کے مقابلے میں کم رہی۔

سرکاری سطح پر جاری اعداد و شمار کے مطابق آج گلگت بلتستان میں مزید 28 افراد عالمی وبا سے متاثر ہوئے۔

مذکورہ اضافے کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 824 سے بڑھ کر 852 تک پہنچ گئی

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں ملک میں کورونا وائرس سے سب سے کم متاثر ہونے والے علاقے آزاد کشمیر میں 14 کیسز سامنے آئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کیسز میں اضافے کے بعد آزاد کشمیر میں عالمی وبا کے متاثرین کی تعداد 285 سے بڑھ کر 299 ہوگئی۔

صحتیاب

تاہم ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کی خطرناک ہوتی صورتحال کے باوجود اس مرض سے صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں مزید 1070 افراد نے وائرس کو شکست دی۔

مذکورہ اضافے کے بعد پاکستان میں عالمی وبا سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 30 ہزار 128 سے بڑھ کر 31 ہزار 198 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

کورونا وائرس کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر ملک کی مجموعی صورتحال کچھ یوں ہے:

مصدقہ کیسز: 87209

اموات: 1816

صحتیاب: 31198

فعال کیسز: 54195

سرکاری سطح پر فراہم کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک میں سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے اور وہاں کیسز 33 ہزار 536 ہیں، جس کے بعد پنجاب میں31 ہزار 104 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں عالمی وبا سے 11 ہزار 890 لوگ متاثر ہوئے جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 5 ہزار 582 ہے۔

اسلام آباد میں 3946، گلگت بلتستان میں 852 اور آزاد کشمیر میں 299 لوگ اس وبا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے:

پنجاب: 607

سندھ: 575

خیبرپختونخوا: 521

بلوچستان: 53

اسلام آباد: 41

گلگت بلتستان:12

آزاد کشمیر: 07

Exit mobile version