ہیڈلائن

کورونا وائرس: پاکستان میں متاثرین 91 ہزار 819، اموات 1905 ہوگئیں

Share

دنیا بھر میں پھیلی عالمی وبا کورونا وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان میں بھی خطرناک صورتحال اختیار کررہی ہے اور گزشتہ روز ریکارڈ کیسز سامنے آنے کے بعد آج بھی مزید نئے کیسز اور اموات کی تصدیق کی گئی۔

آج (6 جون کو) جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک ملک میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 91ہزار 819 جبکہ اموات کی تعداد ایک ہزار 905 تک پہنچ گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک میں ریکارڈ 4 ہزار 600 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ اموات میں بھی 86 کا اضافہ ہوا تھا۔

ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو ابتدا میں اس کا پھیلاؤ کافی کم تھا لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں تیزی آئی اور اب یومیہ ہزاروں کی تعداد میں کیسز اور درجنوں اموات سامنے آرہی ہیں۔‎

26 فروری 2020 کو ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا اور 26 سے 31 مارچ تک پاکستان میں متاثرین کی تعداد 2 ہزار تھی جبکہ 18 مارچ کو ہونے والی پہلی موت کے بعد اس عرصے میں 26 اموات ہوئی تھیں۔

تاہم اپریل میں صورتحال کچھ مختلف رہی، اس دوران متاثرین کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ اموات 385 ہوگئی تھیں۔

بعد ازاں مئی کے مہینے میں صورتحال تبدیل ہوئی اور اس ایک ماہ 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات کا اضافہ ہو نے کے بعد کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

علاوہ ازیں جون کی ابتدا سے صورتحال مزید تشویشناک موڑ اختیار کررہی ہے اور 5 روز میں 20 ہزار سے زائد کیسز اور 379 اموات کا اضافہ ہوا۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں آج عالمی وبا کے مزید 377 مریضوں اور 4 اموات کی تصدیق ہوئی۔

واضح رہے کہ وبا کی ابتدا میں اسلام آباد میں کیسز کی تعداد کافی حد تک کم تھی تاہم اب اس میں یومیہ سیکڑوں کیسز کی صورت میں اضافہ ہورہا ہے۔

کورونا وائرس کے سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق نئے کیسز کے بعد اسلام آباد میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 ہزار 946 سے بڑھ کر4 ہزار 323 ہوگئی۔

ساتھ ہی 4 نئی اموات کی تصدیق کے بعد وفاقی دارالحکومت میں اموات کی مجموعی تعداد 45 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں آج ایک روز میں 45 نئے کیسز جبکہ کورونا وائرس سے مزید ایک موت کی تصدیق کی گئی۔

نئے کیسز کے اضافے کے بعد اب گلگت بلتستان میں عالمی وبا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 852 سے بڑھ کر 897 تک پہنچ گئی۔

علاوہ ازیں مزید ایک موت کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 13 تک جا پہنچی۔

آزاد کشمیر

ادھر آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے مزید 32 مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ ایک فرد کا انتقال بھی ہوا۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں نئے کیسز کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 299 سے بڑھ کر331 تک پہنچ گئے۔

اسی طرح مزید ایک موت کے بعد وہاں اموات کی مجموعی تعداد 7 سے بڑھ کر 8 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

تاہم ملک میں ایک طرف جہاں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں ہزاروں کے حساب سے اضافہ ہورہا ہے وہیں اس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی اسی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

نئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں مزید ایک ہزار 383 افراد نے کورونا وائرس کو شکست دی۔

جس کے بعد اب تک ملک میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 31 ہزار 198 سے بڑھ کر 32 ہزار 581 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد ملک کی مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 91819

اموات: 1905

صحتیاب: 32581

فعال کیسز: 57333

اس وقت ملک میں سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے اور وہاں کیسز 34 ہزار 889 ہیں، جس کے بعد پنجاب میں33 ہزار 144 افراد وبا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں عالمی وبا سے 12 ہزار 459 افراد متاثر ہوئے جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 5 ہزار 776 ہے۔

علاوہ ازیں اسلام آباد میں 4323، گلگت بلتستان میں 897 اور آزاد کشمیر میں331 افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 629

سندھ: 615

خیبرپختونخوا: 541

بلوچستان: 54

اسلام آباد: 45

گلگت بلتستان: 13

آزاد کشمیر: 08