سائنسہفتہ بھر کی مقبول ترین

پلے سٹیشن کے نئے ماڈل پی ایس فائیو کی پہلی جھلک: ‘ویڈیو گیمز کے مستقبل’ سے آپ کیا توقع کر سکتے ہیں؟

Share

سونی الیکٹرونکس نے اپنے نئے ویڈیو گیم کونسول پلے سٹیشن فائیو کو متعارف کرواتے ہوئے اسے ‘ویڈیو گیمز کا مستقبل’ قرار دیا ہے اور سوشل میڈیا پر صارفین پھولے نہیں سما رہے۔

جمعرات کی شب منعقد ہونے والی تقریب میں، جو کہ دنیا بھر میں لائیو سٹریم ہوئی تھی، سونی کمپیوٹر انٹرٹینمٹ کی جانب سے اپنی نئی تخلیق پر سے جب پرداہ اٹھایا گیا تو کئی لوگ ششدر رہ گئے۔

پی ایس فائیو کے بارے میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس کے دو ماڈل دستیاب ہوں گے: ایک سادہ پی ایس فائیو اور ایک ‘ڈیجیٹل’ پی ایس فائیو، جس میں گیم کی سی ڈی یا ڈسک نہیں لگے گی اور اس پر مکمل طور پر انٹرنیٹ کے ذریعے ہی گیمز ڈاؤن لوڈ کر کے کھیلی جا سکیں گی۔

امید کی جا رہی ہے کہ اس سال کے اختتام سے پہلے ہی پی ایس فائیو لانچ کر دیا جائے گا۔ اس کے آس پاس ہی حریف کمپنی مائیکرو سافٹ کا نیا ’ایکس باکس سیریز ایکس‘ کونسول بھی لانچ ہونے کی توقع ہے۔

نئے کونسول کا ڈیزائن بھی منفرد ہے اور پہلے کے برعکس سفید رنگ میں متعارف کروایا گیا ہے۔ جہاں یہ کئی صارفین کو بھایا تو وہیں کچھ لوگوں نے اسے پرانے زمانے کے کمپیوٹر موڈیم نما قرار دے دیا۔

لائیو سٹریم میں کونسول کے مختصر تعارف کے بعد اس کے لیے ڈیزائن ہونے والی مختلف گیمز کی جھلکیاں دکھائی گئیں۔ ان میں سے اکثر گیمز کا تعارف کروانے کے لیے گیم تشکیل دینے والے ٹیم کا کوئی رکن سکرین پر آ کر صارفین کو اپنی تخلیق کے بارے میں بتاتا، جس کے بعد گیم کا ایک مختصر ٹیزر چلایا جاتا۔

پلے سٹیشن فائیو پر ریلیز ہونے والی گیمز

گرینڈ تھیفٹ آٹو فائیو 2021 میں ریلیز ہوگی لیکن کونسول کے ساتھ اس گیم کا آن لائن ورژن مفت ہوگا۔

Spider-Man sequel

سپائڈر مین کی نئی گیم میں سپائڈر مین کے روپ میں روایتی ہیرو پیٹر پارکر کے بجائے ان ٹو دی سپائڈر ورس میں متعارف ہونے والے مائلز مورالس مرکزی کردار ہوں گے۔

Returnal

‘ریٹرنل’ ایک خاتون خلا باز کی کہانی ہے جو ایک نامعلوم سیارہ پر کریش کر جاتی ہیں اور انھیں وہاں سے نکلنے کی کوشش کرنی ہے۔

Sackboy: A Big Adventure

‘سیک بوائے: اے بگ ایڈونچر’ ایک تھری ڈی گیم ہوگی جس میں آپ کو ایک اون سے بنے ہوئے ہیرو کو کئی مراحل سے گزارنا ہوگا۔

Destruction All Stars

‘ڈسٹرکشن آل سٹارز’ میں گیمرز کو طرح طرح کی گاڑیوں کے ساتھ ایک بڑے سے موت کے کنویں میں ڈال دیا جاتا ہے اور بظاہر اس گیم میں آپ کا مقصد اپنے حریف کو نت نئے طریقوں سے ہرانا ہوگا۔

Ghostwire

’گھوسٹ وائر: ٹوکیو‘ جاپان کے دارالحکومت کا ایک بھیانک منظر پیش کرتی ہے جہاں بھوت اور ایسی کئی طلسماتی مخلوق انسانوں پر غالب آ چکی ہیں۔

Hitman

مشہور گیم سیریز ‘ہٹ مین’ کی تیسری قسط میں ایجنٹ 47 کی واپسی ہو رہی ہے اور اس بار وہ دبئی میں دنیا کی سب سے لمبی عمارت میں اپنے شکار کے تعاقب میں ہیں۔

دو کرائے کے قاتلوں کی لڑائی پر مبنی گیم ‘ڈیتھ لوپ’ جس میں آپ جب بھی مرتے ہیں تو گیم ایک نئے انداز میں شروع ہوتی ہے اور کچھ بھی ویسا نہیں ہوتا جیسا پچھلی بار ہوا تھا۔

Ratchet and Clank pre-rendered footage

ریچٹ اینڈ کلینک کی نئی گیم کا نام ‘رفٹ اپارٹ’ ہوگا۔

Gran Turismo 7

کار ریسنگ سیریز گرین ٹورزمو کی ساتویں قسط۔

Project Athia

مہم جوئی پر مبنی مشہور سیریز ’فائنل فینٹاسی‘ بنانے والوں کی نئی گیم، ‘پراجیکٹ ایتھیا’۔

Stray

سائنس فکشن پر مبنی دنیا میں ایک آوارہ بلی کی کہانی، ‘سٹرے’۔

Resident Evil 8

ڈراؤنی فلموں اور ہارر کے شائقین کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ ریزیڈنٹ ایول سیریز کی آٹھویں قسط ‘ولیج’، یعنی گاؤں، بھی جلد آ رہی ہے۔

‘ہورائزن: فوربڈن ویسٹ’ میں مستقبل کا امریکہ دکھایا گیا ہے جہاں دیو ہیکل مشینوں نے دنیا پر قبضہ کر لیا ہے۔

Sony
سونی نے لائیو سٹریم کے دوران پلے سٹیشن کے ساتھ ساتھ اس کی ایکسیسوریز بھی دکھائیں

اگرچہ ہمیں اس نئے کونسول کی تکنیکی صلاحیتوں کے بارے میں اس وقت کم ہی معلوم ہے تاہم سونی نے اپنے لائیو سٹریم میں یہ بتایا ہے کہ اس میں چند نئی خصوصیات ہوں گی، جیسے کہ:

  • فور کے بلو رے پلیئر اور الٹرا ایچ ڈی ویڈیو
  • تھری ڈی آڈیو
  • کنٹرولر میں موشن سنسر اور ہیپٹک فیڈبیک