صحافیوں کی جانب سے بالی ووڈ ستاروں کے انٹرویو لینے کا سلسلہ تو عام ہے لیکن بالی ووڈ سٹار کارتک آرین نے اپنے آن لائن شو ‘کوکی پوچھے گا’ میں اس چلن کو تبدیل کرنے کی کوشش میں صحافی برکھا دت کا انٹرویو کیا۔
انھوں نے اس میں ان سے صحافت اور صحافیوں کو درپیش چیلنجز کے بارے میں بات کی۔ باتوں ہی باتوں میں کارتک نے بتایا کہ انکی ممی چاہتی ہیں کہ انکی شادی کسی تیز طرار رپورٹر سے ہو جیسی نوّے کی دہائی میں ہوا کرتی تھیں۔
ابھی تک کارتک کا نام سیف علی خان کی بیٹی اور اداکارہ سارہ علی خان کے ساتھ جوڑا جاتا رہا ہے اب دیکھنا ہے کہ کارتک اپنی ممی کی خواہش پوری کرتے ہیں یا پھر سارہ کے ساتھ افواہوں کی کسوٹی پر پورے اترتے ہیں۔
کرن جوہر جو پورے لاک ڈاؤن کے دوران اپنی عادت سے مجبور کیمرہ اٹھا کر شوٹنگ کرتے رہے اور اپنے بچوں کو تختہ مشق بناتے رہے۔ لاک ڈاؤن میں کرن نے اپنے بچوں کے ساتھ کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔
اب لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد اس سلسلے کو ختم کرتے ہوئے انہوں نے آخری ویڈیو شیئر کی جس میں وہ بار بار بچوں سے کہتے رہے بائی اور ٹوڈل کہو، لیکن بچے کہاں سننے والے تھے ڈائیلاگ کہے بغیر ہی ڈائریکٹر صاحب کو پوری طرح نظر انداز کرتے ہوئے آگے بڑھ گئے ویڈیو دیکھ کر کارتک آرین نے لکھا ‘میں ٹوڈل کہتا ہوں آپ مجھے گود لے لو’۔
کارتک صاحب اپنے دل کی یہ خواہش ظاہر کرنے سے پہلے ممی سے ضرور پوچھ لیں۔
سارہ علی خان اور ورون دھون کی فلم ‘قلی نمبر ون’ یکم مئی کو ریلیز ہونے والی تھی لیکن کورونا وائرس کے سبب فلم کی ریلیز ملتوی کر دی گئی تھی۔
اس ہفتے ورون نے انسٹا گرام پر اس فلم کا ایک نیا پوسٹر ریلیز کیا ہے جس میں ورون دھون نے چہرے پر ماسک پہن رکھا ہے اور نیچے لکھا ہے ‘فلم کا پوسٹر کورونا وائرس کے ٹوئسٹ کے ساتھ’
فلم کے پروڈیوسر ڈائریکٹر اور ورون کے پاپا ڈیوڈ دھون اپنی فلموں میں ٹوئسٹ کے ماہر ہیں اب یہ ٹوئسٹ کیا ہوگا یہ تو فلم دیکھنے کے بعد ہی معلوم ہوگا۔
انڈیا میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد سے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ بالی ووڈ سٹارز بھی باہر نکلنےلگے ہیں اور ساتھ ہی حکومت کے طے شدہ قواعد کے تحت فلموں کی رکی ہوئی شوٹنگز کا سلسلہ شروع ہونے کے امکانات بھی نظر آنے لگے ہیں۔
سنجے لیلی بھنسالی کے ساتھ عالیہ بھٹ کی فلم ‘گنگو بائی کاٹھیاوارڑ’ سلمان خان کی ‘رادھے’ اس کے بعد ‘کبھی عید کبھی دیوالی’ اور کک کا سیکوئل ہے۔
جبکہ فلسماز سنجے گپتا کی فلم ممبئی ساگا کی بقیہ شوٹنگ اگلے مہینے حیدرآباد میں شروع ہونے کی خبریں ہیں۔ اس فلم کی شوٹنگ لاک ڈاؤن سے پہلے مکمل ہونے کے نزدیک تھی۔
ساتھ ہی مختلف فلسمازوں نے اپنی فلموں کے ٹائٹل اور کہانیاں رجسٹر کروانے یا انک ے ناموں کے اعلان کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔
اداکارہ انوشکا شرما نے جو ایک ماہر پروڈیوسر بھی ہیں بڑے پردے پر فلموں کےساتھ ساتھ اب ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر بھی قسمت آزما رہی ہیں۔
انہوں نے نیٹ فلیکس کے لیے اپنے نئے پراجیکٹ ‘بابل’ کا اعلان کیا ہے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر یہ انوشکا کا دوسرا پراجیکٹ ہے اس سے پہلے انہوں نے پرائم امیزون کے لیے ویب تھرلر سیریز ‘پاتال لوک’ بنائی تھی۔
بابل کا پوسٹر جاری کرتے ہوئے انوشکا نے لکھا یہ بابل کی ایک جھلک ہے جو خود کو دریافت کرنے کی ایک خوبصورت داستان ہے۔ انوشکا نے بڑے پردے پر بطور پروڈیوسر فلم ‘این ایچ ٹین’ اور پری جیسی فلمیں بنائی ہیں۔