عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثر افراد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور پاکستان کو اس کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ملک کی صورتحال کے حوالے سے گزشتہ روز وفاقی وزیر اسد عمر نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا تھا کہ جولائی 2020 کے اواخر تک ملک میں کووڈ 19 کے کیسز کی تعداد 10 سے 12 لاکھ ہوسکتی ہے۔
آج 15 جون کی صبح تک پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مزید 2 ہزار 249 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں اس وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار 478 تک جا پہنچی۔
کووڈ 19 کی صورتحال کی نگرانی کے لیے بنائے گئے سرکاری ڈیش بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں ایک ہزار 537، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 635، گلگت بلتستان میں 43 اور آزاد کشمیر میں مزید 34 کیسز سامنے آئے۔
اس کے علاوہ وائرس سے متاثرہ مزید 66 مریضوں کے زندگی کی بازی ہار جانے سے اب تک جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہزار 729 ہوگئی جبکہ اب تک 53 ہزار 735 افراد اس بیماری سے شفایاب ہونے میں کامیاب رہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 62، اسلام آباد 3 اور آزاد کشمیر میں مزید ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔
یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سامنے آیا تھا۔
اس عرصے میں وبا کے پھیلاؤ میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوا مارچ تک صورتحال خاصی حد تک قابو میں رہی تھی البتہ اپریل سے اس میں تیزی آئی اور مئی میں یہ صورتحال بگڑنا شروع ہوگئی۔
ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورتحال کو دیکھیں تو فروری اور مارچ کے آخر تک ملک میں 2 ہزار کے لگ بھگ کیسز اور 26 اموات تھیں۔
یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث پہلی ہلاکت 18 مارچ کو رپورٹ ہوئی تھی۔
اپریل کے آغاز میں وائرس کے کیسز میں خاصی تیزی آئی اور یہ مہینے کے اختتام تک تقریباً 2 ہزار سے بڑھ کر ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اس دوران اموات کی تعداد 385 ہوگئی تھی۔
تاہم مئی کا مہینہ ملک میں وبا کے لحاظ سے خاصا خطرناک ثابت ہوا اور اس ایک ماہ کے دوران 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا جس کے بعد مجموعی کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔
پنجاب
ملکی سطح پر کورونا وائرس کی صورتحال پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 537 نئے کیسز سامنے آئے یوں صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 54 ہزار ہزار 138 ہوگئی۔
صوبے میں کورونا وائرس کے باعث مزید 62 اموات رپورٹ بھی ہوئیں جس سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 969 سے بڑھ کر ایک ہزار 31 ہوگئی۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 635 افراد کووِڈ 19 کا شکار بنے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 8 ہزار 569 تک جا پہنچی۔
سرکاری ڈیش بورڈ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں 3 مریضوں کے جاں بحق ہونے سے اموات کی مجموعی تعداد 78ہوگئی ہے۔
آزاد کشمیر
پاکستان میں آزاد کشمیر اس وبا سے اب تک سب سے کم متاثر ہونے والا خطہ ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 34 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس سے یہاں مریضوں کی مجموعی تعداد 647 ہوگئی۔
اسی طرح مزید ایک مریض کے جاں بحق ہونے سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔
گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں 43 افراد میں وائرس کی تشخیص ہونے کے بعد اس وبا کا شکار بننے والوں کی تعداد ایک ہزار 129 ہوگئی۔
اس کے علاوہ اس خطے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک بھی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔
صحتیاب افراد
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک ہزار 986 افراد اس بیماری سے چھٹکارا پا کر روبہ صحت ہوگئے۔
جس کے بعد اب تک ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 51 ہزار 735 سے بڑھ کر 53 ہزار 721 تک پہنچ گئی۔