فلسماز کرن جوہر نے اس بات کا انکشاف کیا کہ آج کل وہ بھڑکیلے رنگ اور چمکیلے کپڑے کیوں پہنتے ہیں۔
ٹی وی پر ایک چیٹ شو ’ناٹ جسٹ سپر سٹار‘ پر بات کرتے ہوئے 47 سالہ کرن جوہر کا کہنا ہے کہ وہ مِڈ لائف کرائسس سے گزر رہے ہیں اس لیے وہ خوبصورت رنگ کے کپڑے پہنتے ہیں۔ کرن کہتے ہیں کہ اپنا موڈ اچھا کرنے کے لیے انھوں نے اپنے کپڑوں کے رنگ اور انداز ہی بدل ڈالا۔
کرن کا کہنا ہے کہ اپنی بڑھتی عمراور اس مرحلے سے نمٹنے کا یہ ان کا طریقہ ہے۔
اس شو پر فیشن ڈیزائنر اور کرن کے دوست منیش ملہوترہ بھی موجود تھے۔ کرن نے منیش کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں کی شخصیت، عمر اور مزاج کے حساب سے کپڑے ڈیزائن کرتے ہیں۔
کرن نے یہ بھی بتایا کہ وہ ان لوگوں میں سے ہیں جو سب کے سامنے کھانا کھانے سے کتراتے ہیں اور اکیلے میں خوب کھاتے ہیں۔ لیکن اب انھیں ڈائٹنگ کی ضرورت ہے۔
سلمان خان کا تہواروں پر قبضہ
سلمان خان کے ایک فلم ‘دبنگ تھری’ کرسمس کے موقع پر رواں ہفتے ریلیز ہو رہی ہے جبکہ ان کی اگلی فلم ‘رادھے’ عید پر آنے والی ہے یعنی عید کرسمس سب پر ان کا قبضہ ہے، لیکن سلمان خان کا کہنا ہے کہ تہوار کے موقع پر ایک سے زیادہ فلمیں ریلیز کی جا سکتی ہیں۔
دراصل اگلی عید پر سلمان تو اپنی فلم ’رادھے‘ کا اعلان کر ہی چکے ہیں لیکن خبر ہے کہ اکشے کمار کی فلم ’لکشمی بم‘ کا بھی اگلی عید پر ریلیز ہونے کا امکان ہے۔
جب بالی وڈ کے دبنگ خان سے اس بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے انتہائی سادہ انداز میں کہا کہ ہر تہوار سب کے لیے ہے کوئی بھی اپنی فلم ریلیز کر سکتا ہے لیکن سب جانتے ہیں کہ اگر کسی تہوار کے موقع پر ’بھائی جان‘ آ رہے ہوں تو کسی اور کے لیے جگہ ہی کہاں بچتی ہے۔
اس سے پہلے بھی بڑے سٹارز کی فلموں کا ٹکراؤ ہوتے ہوتے بچا کیونکہ کوئی بھی گھاٹے کا سودا کرنے سے کتراتا ہے۔
’کبیر سنگھ‘ کی سب کو تلاش
شاہد کپور کی فلم ’کبیر سنگھ‘ اس سال گوگل پر سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی فلم تھی۔ اتنا ہی نہیں اس فلم نے باکس آفس پر دنیا بھر میں 370 کروڑ روپے کا کاروبار بھی کیا تھا اور یہ اس برس کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بالی ووڈ کی دوسری فلم تھی۔
حالانکہ اس فلم کو میڈیا اور سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا اس بارے میں شاہد کپور کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ’کبیر سنگھ‘ کے کردار میں بہت خامیاں تھیں۔
لیکن معاشرے کی کسی بھی برائی کو دور کرنے کے لیے پہلے اسے اجاگر کرنا ضروری ہوتا ہے تاکہ اس کے بارے میں بحث ہو سکے اور مختلف رائے سامنے آ سکے۔
شاہد کپور کی یہ دلیل کچھ لوگوں کے خیال میں کافی حد تک درست ہے لیکن اس طرح کے کرداروں اور ان کے رویے کو گلیمرس بنا کر پیش کرنا کس حد تک درست ہے۔