ہیڈلائن

پاکستان میں کورونا کیسز ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد، 59 ہزار 215 صحتیاب

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن تشویشناک ہوتی جارہی ہے اور یومیہ ہزاروں کیسز اور درجنوں اموات سامنے آرہی ہیں۔

ملک میں اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے مجموعی افراد کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار 118 ہوچکی ہے جبکہ اموات 3093 تک جاپہنچی ہیں۔

آج 18 جون کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 2380 نئے کیسز اور 60 اموات کا اضافہ ہوا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ملک میں ایک روز میں اب تک کی سب سے زیادہ 133 اموات رپورٹ ہوئیں تھیں۔‎

واضح رہے کہ ملک می کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں سامنے آیا تھا جو بعد ازاں پورے ملک میں پھیل گیا تاہم اس وائرس سے جو شہر اب بھی سب سے زیادہ متاثر ہے وہ ملک کا معاشی حب کراچی ہے جہاں کیسز کی تعداد 50 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔

تاہم ملک کے دیگر حصوں کی صورتحال کچھ مختلف نہیں ہے اور وہاں بھی روزانہ کیسز سامنے آرہے ہیں۔

اعداد و شمار کا جائزہ لیں تو پہلے کیس سے مارچ کے آخر تک ملک میں تقریباً 2 ہزار کیسز اور 26 اموات تھیں، جو اپریل میں بڑھ کر 385 تک پہنچ گئیں جبکہ اسی ماہ میں کیسز ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے۔

مئی میں صورتحال کافی تبدیل ہوگئی اور ایک ماہ کے دوران کیسز ساڑھے 16 ہزار سے بڑھ کر 71 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اموات بھی 1500 کے ہندسے کو عبور کرگئیں۔

تاہم جون میں صورتحال مزید خراب ہوتی دکھائی دے رہی ہے اور اس ماہ کے 17 روز کے دوران تقریباً 86 ہزار نئے کیسز اور 1500 کے قریب نئی اموات کا اضافہ ہوا ہے۔

آج (جمعرات) کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ صحتیاب لوگوں کی تعداد بھی بڑھ گئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 1899 نئے کیسز اور 53 اموات کا اضافہ ہوا۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے کے لیے قائم ڈیش بورڈ کے مطابق پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1899 نئے کیسز آئے جس کے بعد مجموعی تعداد 60 ہزار 138 ہوگئی۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 53 اموات بھی ہوئیں جس سے یہ تعداد 1202 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 9 ہزار 637 ہوگئی جبکہ اموات بھی 94 تک پہنچ گئیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 395 کیسز کا اضافہ سامنے آیا۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں 4 افراد زندگی کی بازی بھی ہار گئے۔

گلگت بلتستان

وہیں گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں 49 نئے کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 1164 سے بڑھ کر ایک ہزار 213 تک جا پہنچیں۔

مزید یہ کہ ایک اور فرد کے کورونا وائرس سے انتقال کرجانے سے یہ تعداد 17 سے بڑھ کر 18 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

ادھر آزاد کشمیر جو کورونا وائرس سے سب سے کم متاثرہ علاقوں میں شامل ہے وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 37 نئے کیسز اور 2 اموات کی تصدیق ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد وہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 703 سے بڑھ کر 740 ہوگئی جبکہ اموات 13 سے بڑھ کر 15 ہوگئیں۔

صحتیاب افراد

علاوہ ازیں اس وائرس سے ملک بھر میں مزید 778 لوگ مکمل صحتیاب ہوگئے۔

سرکاری ڈیش بورڈ کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 778 لوگ ایسے تھے جو وائرس سے شفایاب ہوئے اور اس طرح مجموعی طور پر اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 58 ہزار 437 سے بڑھ کر 59 ہزار 215 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 160118

اموات: 3093

صحتیاب: 59215

فعال کیسز: 97810

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 59 ہزار 983 ہیں تو وہیں پنجاب میں 60 ہزار 118 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 19 ہزار 613 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار 794 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9 ہزار 637، گلگت بلتستان میں 1213 اور آزاد کشمیر 740 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 1202

سندھ: 916

خیبرپختونخوا: 755

بلوچستان: 93

اسلام آباد: 94

گلگت بلتستان: 18

آزاد کشمیر: 15