پاکستان

سورج گرہن: پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں آج ’رِنگ آف فائر‘ کا مشاہدہ، گرہن اپنے اختتامی مراحل میں داخل

Share

پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں سورج گرہن اس وقت جاری ہے تاہم پاکستان میں اس کا عروج گزر چکا ہے اور مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے کے بعد ختم ہو جائے گا۔

پاکستان کے بیشتر علاقوں میں یہ گرہن جزوی طور پر دکھائی دے گا۔

محکمہ موسمیات اسلام آباد کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پاکستان میں جزوی سورج گرہن کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح 08:46 منٹ پر شروع ہوگا اور 14:34 منٹ پر ختم ہو جائے گا۔ 11:40 منٹ پر یہ انتہا پر ہو گا۔

اس گرہن کو رِنگ آف فائر کا نام دیا گیا ہے کیونکہ اس کے دوران چاند سورج کے درمیان آ جائے گا جس میں چاند سورج پر چھا جاتا ہے۔ ایسی صورت میں سورج کا بیرونی حصہ ایسے دکھائی دیتا ہے جیسے کوئی رِنگ یا چھلہ ہو۔

پاکستان کے جنوبی حصوں کے علاوہ یہ شمالی انڈیا، کانگو، سینٹرل افریقن ریپبلک، ایتھوپیا اور چین میں دکھائی دے گا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری تحریری بیان کے مطابق پاکستان کے مرکزی شہروں اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ، لاہور، پشاور، گلگت اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سکھر اور گوادر میں دیکھا جا سکے گا۔

سکھر میں یہ چھلے دار شکل میں مکمل طور پر دکھائی دے گا جبکہ باقی شہروں میں جزوی طور پر سورج گرہن ہو گا۔

اسلام آباد میں جزوی سورج گرہن کا آغاز 9 بجکر 50 منٹ پر ہو گا اور یہ 01 بج کر 06 منٹ پر ختم ہو جائے گا۔

کراچی میں سورج گرہن کی شروعات کل صبح 9 بج کر 26 منٹ سے ہوگی جب کہ سورج گرہن کا اختتام دوپہر 12 بج کر 46 منٹ پر ہو گا۔

لاہور میں سورج گرہن کی ابتدا صبح 9 بج کر19منٹ پر ہوگی جب کہ 11 بج کر 26 منٹ پر سورج کو سب سے زیادہ گرہن لگے گا اور اختتام دوپہر 1 بج کر 10 منٹ پر ہوگا۔

سورج گرہن
پاکستان میں سورج گرہن کے اوقات کار کی تفصیل

خیال رہے کہ سورج گرہن اس وقت وقوع پذیر ہوتا ہے جب چاند اپنے مدار میں چکر لگاتے ہوئے زمین اور سورج کے درمیان آ جاتا ہے۔

سورج گرہن کے موقع پر لوگوں کو ہمیشہ احتیاط برتنے کے لیے کہا جاتا ہے۔ ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ وہ سورج کو براہِ راست نہ دیکھیں اور مخصوص چشمے کا استعمال کریں۔

ماہرین کا کہنا ہے سورج گرہن کے وقت:

  • سورج کو کوئی فلٹر استعمال کیے بغیر نہ دیکھیں
  • گرہن دیکھنے کے لیے بنائے گئے ایسے چشمے کو استعمال نہ کریں جو تین سال پرانا ہو
  • گھر پر بننے والے سولر فلٹر استعمال نہ کریں
  • بغیر فلٹر کے کیمرے استعمال نہ کریں
  • گرہن دیکھنے کے لیے دھوپ کی عینک کا استعمال ہرگز نہ کریں
سورج گرہن

ٹیلی سکوپ جس میں فلٹر لگا ہو وہ بھی استعمال نہیں کی جانی چاہیے کیونکہ فلٹر میں اگر باریک سے باریک سوراخ بھی ہو تو اس سے بھی لمحوں کے اندر انسانی آنکھ کا ریٹینا ہمیشہ کے لیے تباہ ہوسکتا ہے۔

یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے امراض پر کنٹرول کرنے سے متعلق سینٹر کے مطابق گرہن لگنے کے موقع پر سورج کو براہ راست نہیں دیکھنا چاہیے اس سے نظر پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس سے آنکھ کی دیکھنے کی صلاحیت مکمل طور پر متاثر ہو سکتی ہے۔ آنکھ میں موجود ریٹینا خراب ہوتا ہے اور کوئی بھی چیز دیکھنے کی صلاحیت پر اثر پڑتا ہے۔