ہیڈلائن

کورونا وبا: ملک میں متاثرین ایک لاکھ 81 ہزار سے زائد، 71 ہزار 458 صحتیاب

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے اور آج بھی نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں مجموعی متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 81 ہزار 88 ہوگئی جبکہ اموات 3 ہزار 590 تک پہنچ گئی۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں آج (22 جون) کی صبح تک کورونا وائرس کے ایک ہزار 496 نئے کیسز اور 33 اموات کا اضافہ ہوا۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ بگڑ رہی ہے اور یومیہ ہزاروں کی تعداد میں کیسز اور 100 سے زائد اموات ہورہی ہیں۔

اگرچہ اس وائرس کی روک تھام کے لیے حکومت اب اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی پر کام کر رہی ہے جس کے تحت وائرس کے ہاٹ اسپاٹس والے علاقوں کو سیل کیا گیا ہے تاہم اس کے باوجود کیسز کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں سامنے آیا، جس کے بعد 31 مارچ تک وائرس کے لگ بھگ 2 ہزار کیسز تھے جبکہ 18 مارچ کو ہونے والی پہلی اموات کے بعد یہ تعداد 26 تک پہنچی تھیں۔

جس کے بعد اپریل میں کیسز کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے زائد جبکہ اموات 385 ہوگئیں، تاہم مئی میں صورتحال کافی تبدیل ہوئی اور 54 ہزار نئے کیسز کے اضافے سے 31 مئی تک یہ تعداد 71 ہزار سے بڑھ گئی جبکہ اموات بھی 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

رواں ماہ جون اب تک کی صورتحال کے حساب سے سب سے زیادہ خطرناک رہا ہے اور اس کے گزشتہ 21 روز میں ایک لاکھ 8 ہزار سے زائد کیسز اور 2000 کے قریب اموات ہوچکی ہیں۔

آج (22 جون) کو ملک میں نئے کیسز اور اموات کا اضافہ ہوا، تاہم صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھی۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں 1204 جبکہ اموات میں 28 کا اضافہ ہوا۔

سرکاری سطح پر قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 204 نئے مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد یہ تعداد 66 ہزار 943 ہوگئی۔

اسی طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں مزید 28 اموات بھی ہوئیں، جس سے یہ تعداد 1407 سے بڑھ کر 1435 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی کورونا وائرس کے مزید 250 کیسز اور 3 اموات سامنے آگئیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 10 ہزار 662 سے بڑھ کر 10 ہزار 912ہوگئی۔

اس کے علاوہ مزید 3 اموات سے یہ تعداد 98 سے بڑھ کر 101 تک جاپہنچیں۔

گلگت

وہیں گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 10 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں 10 نئےکیسز کے بعد مجموعی متاثرین 1278 سے بڑھ کر 1288 ہوگئے۔

مزید برآں وہاں ایک موت کی بھی تصدیق ہوئی جس سے یہ تعداد 21 سے بڑھ کر 22 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر جو اس وائرس سے اب تک سب سے کم متاثر تھا وہاں مزید 32 نئے کیسز کی تصدیق ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئےکیسز کے بعد وہاں متاثرین 813 سے بڑھ کر 845 ہوگئے۔

اسی طرح اموات کی تعداد میں بھی ایک کا اضافہ ہوا اور یہ 19 سے بڑھ کر 20 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

تاہم اس تمام صورتحال کے باوجود ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 3 ہزار 566 افراد شفایاب ہوگئے۔

ایک روز میں اتنی زیادہ تعداد میں لوگوں کا شفایاب ہونے سے اب تک ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 67 ہزار 892 سے بڑھ کر 71 ہزار 458 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 181088

اموات: 3590

صحتیاب: 71459

فعال کیسز: 106040

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 69 ہزار 628 ہیں تو وہیں پنجاب میں 66 ہزار 943 تک پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 21 ہزار 997 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 9 ہزار 475 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 10 ہزار 912، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 288 اور آزاد کشمیر 845 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 1435

سندھ: 1089

خیبرپختونخوا: 821

بلوچستان: 102

اسلام آباد: 101

گلگت بلتستان: 22

آزاد کشمیر: 20