پاکستان میں کورونا وائرس سے لوگوں کے متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے تاہم اس کے کیسز میں کچھ حد تک کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔
ملک میں آنے والے نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد ایک لاکھ 95 ہزار 745 ہوگئی جبکہ اموات 3 ہزار 962 تک پہنچ گئیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج (26 جون) کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 1132 نئے کیسز اور 31 اموات سامنے آئیں۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کو 4 ماہ کا عرصہ مکمل ہوگیا ہے تاہم اس دوران 2 ماہ کیسز کی تعداد کم جبکہ 2 ماہ کافی زیادہ رہی
26 فروری کو ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد سے مارچ کے آخر تک ملک میں 2 ہزار کے لگ بھگ کیسز تھے جبکہ 18 مارچ کو پہلی موت کے بعد اسی ماہ کی 31 تاریخ تک یہ تعداد 26 تک پہنچی تھی۔
اپریل میں کورونا وائرس کے کیسز میں تھوڑا اضافہ ہوا اور یہ 30 تاریخ تک ساڑھے 16 ہزار سے زائد ہوگئے جبکہ اموات 385 تک پہنچ گئیں۔
مئی کے مہینے میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں اچانک اضافہ ہوا اور متاثرین 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے بڑھ گئیں۔
رواں ماہ جون میں کورونا وائرس کی صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی اور گزشتہ 25 روز میں ایک لاکھ 23 ہزار سے زائد کیسز اور 1400 سے زیادہ اموات کا اضافہ ہوا۔
آج (26 جون) کو بھی ملک میں کورونا وبا نے مزید لوگوں کو متاثر کیا اور متعدد لوگ لقمہ اجل بھی بن گئے۔
پنجاب
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 796 کیسز اور 27 اموات کا اضافہ ہوا۔
سرکاری اعداد و شمار بتانے کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 796 نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد مجموعی تعداد 71 ہزار 987 تک پہنچ گئی۔
اسی طرح صوبے میں 27 اموات بھی رپورٹ ہوئیں جس سے مجموعی تعداد 1602 سے بڑھ کر 1629 تک جا پہنچی۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی 271 نئے کیسز اور 4 اموات کا اضافہ دیکھا گیا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں ان نئے متاثرین کے بعد مجموعی کیسز 11 ہزار 981 تک پہنچ گئے۔ مزید یہ اس وائرس سے 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے یہ تعداد 115 سے بڑھ کر 119 تک پہنچ گئی۔
گلگت بلتستان
ادھر گلگت بلتستان میں کورونا وائرس نے مزید 33 افراد کو اپنا شکار بنایا۔
اعداد و شمار کے مطابق مزید 33 افراد کے متاثر ہونے سے وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 1365 سے بڑھ کر 1398 ہوگئی۔
آزاد کشمیر
ملک میں اس وائرس سے اب تک سب سے کم متاثر ہونے والے علاقے آزاد کشمیر میں مزید 32 افراد متاثر ہوئے۔
ان افراد کے متاثر ہونے کے بعد آزاد کشمیر میں مجموعی کیسز کی تعداد 930 سے بڑھ کر 962 تک پہنچ گئی۔
صحتیاب افراد
مزید برآں ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا، جو دیگر مریضوں کے لیے امید کی کرن ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2 ہزار 861 لوگ کورونا سے شفایاب ہوگئے۔
اس طرح ملک میں مجموعی طور پر اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 81 ہزار 307 سے بڑھ کر 84 ہزار 168 تک پہنچ گئی۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 195745
اموات: 3962
صحتیاب: 84168
فعال کیسز: 107615
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 75 ہزار 168ہیں تو وہیں پنجاب میں 71 ہزار 987 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 24 ہزار 303 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 9 ہزار 946 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 11 ہزار 981 ، گلگت بلتستان میں 1398 اور آزاد کشمیر 962 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:
پنجاب: 1629
سندھ: 1178
خیبرپختونخوا: 879
بلوچستان: 109
اسلام آباد: 119
گلگت بلتستان: 23
آزاد کشمیر: 25