Site icon DUNYA PAKISTAN

دورہ انگلینڈ: پی سی بی نے دو منفی ٹیسٹ کی پالیسی پر نظرثانی شروع کردی

Share

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ کے لیے منتخب جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان کے دو منفی ٹیسٹ آنے کی پالیسی پر نظرثانی شروع کردی ہے۔

کرک انفو کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے میڈیکل ڈپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم نے مختلف طبی اور کھیلوں کے ماہرین سے مشاورت شروع کردی ہے۔

اس مشاورت کا مقصد یہ جاننا ہے کہ جن کھلاڑیوں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، وہ ایک ٹیسٹ منفی آنے کے بعد انگلینڈ جاسکتے ہیں یا نہیں۔‎

اس بات کا اطلاق ٹیم کے 10 کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے ایک رکن پر ہوگا جن کے گزشتہ دنوں ٹیسٹ مثبت آئے تھے حالانکہ ان میں سے کسی میں بھی وائرس کی علامات نہیں تھیں۔

جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے ان کے دوبارہ جمعہ کو ٹیسٹ کیے جائیں گے اور اگر ان کے ٹیسٹ منفی آئے تو پی سی بی نے 29 جون کو ان کے تیسری مرتبہ ٹیسٹ کا منصوبہ بنایا ہے، تاکہ سفر اور انگلینڈ روانگی سے قبل ان کے دو مرتبہ ٹیسٹ منفی آسکیں۔

تاہم اگر پی سی بی اس منصوبے پر عمل کرتا ہے تو یہ تمام 10 کھلاڑی چارٹرڈ فلائٹ پر 28 جون کو انگلینڈ روانہ نہیں ہو سکیں گے البتہ اگر پی سی بی نے ایک منفی ٹیسٹ کے بعد ہی کھلاڑیوں کی انگلینڈ روانگی مناسب سمجھی تو دوسرے مرحلے میں جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آئیں گے وہ اتوار کو طیارے میں مانچسٹر روانہ ہو سکیں گے۔

اس کا مطلب یہ ہوا کہ محمد حفیظ کی روانگی کے امکانات روشن ہیں کیونکہ ان کا تیسرا ٹیسٹ کیا جائے گا اور اس کے منفی آنے پر وہ انگلینڈ جا سکیں گے البتہ اس کا انحصار پی سی بی پر ہے کیونکہ وہ شوکت خانم ہسپتال میں کیے جانے والے ٹیسٹ کو ہی درست تصور کر رہا ہے۔

محمد حفیظ ان 7 کھلاڑیوں میں شامل تھے جن کا پی سی بی کی جانب سے کیے گئے کورونا ٹیسٹ کے دوران نتیجہ مثبت آیا تھا۔

تاہم اس کے اگلے ہی دن انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انکشاف کیا تھا کہ ان کا اور اہلخانہ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے۔

کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد 5 ریزرو کھلاڑیوں کو طلب کر کے ان کے بھی جمعرات کو ٹیسٹ کیے گئے اور اس کے نتائج ہفتے تک آئیں گے۔

ان متبادل کھلاڑیوں میں بلال آصف، عمران بٹ، محمد نواز، محمد موسیٰ اور روہیل نذیر کے علاوہ مساجر محمد عمران بھی شامل ہیں۔

پی سی بی کے مطابق محمد رضوان کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد روہیل نذیر کو بیک اپ وکٹ کیپر کی حیثیت سے طلب کیا گیا ہے۔

دوسری جانب قومی ٹیم کے جن 18 کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ میں 11 افراد کے ٹیسٹ منفی آئے تھے ان کے جمعرات کو دوبارہ ٹیسٹ لیے گئے اور اگر ان کے ٹیسٹ منفی آئے تو وہ سب 28 جون کو مانچسٹر کی فلائٹ میں سوار ہو سکیں گے۔

Exit mobile version