پاکستان

ملک میں کورونا وائرس کے مزید 865 کیسز، 13 اموات رپورٹ

Share

دنیا بھر میں ایک کروڑ افراد کو اپنا شکار بنانے اور 5 لاکھ سے زائد ہلاکتوں کا سبب بننے والے مہلک کورونا وائرس کے پاکستان کو متاثر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

آج سامنے آنے والے کورونا کے نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں مجموعی متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 6 ہزار 512 جبکہ اموات 4 ہزار 167 تک پہنچ گئی ہیں۔

ملک میں آج (پیر) کی صبح تک کورونا وائرس کے 865 نئے کیسز اور 13 اموات رپورٹ ہوئیں۔

یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پہلے دو کیسز ایک ہی دن یعنی 26 فروری کو کراچی اور گلگت بلستان میں سامنے آئے تھے اور 4 ماہ کے عرصے کے بعد پاکستان کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں 12ویں نمبر پر ہے‎

تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں کچھ حد تک کمی دیکھنے میں آئی۔

اگرچہ پاکستان میں اس وائرس کا پھیلاؤ لگائے گئے اندازوں کے مطابق نہیں ہے تاہم اس کے باوجود کیسز اور اموات کی تعداد باعث تشویش ہیں۔

ملک میں پہلے کیس کے بعد سے 31 مارچ تک متاثرہ افراد کی تعداد لگ بھگ 2 ہزار کے قریب تھی جبکہ26 اس بیماری سے سبب لقمہ اجل بنے تھے تاہم اپریل میں کیسز بڑھنا شروع ہوئے اور ایک ماہ میں یہ ساڑھے 16 ہزار کے مجموعی ہندسے کو عبور کرگئے جبکہ اموات 385 تک جاپہنچیں۔

مئی کا مہینہ صورتحال میں یکسر تبدیلی کا باعث بنا اور مہینے کے آخر تک کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

جس کے بعد جون کے مہینے میں کیسز کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھا گیا اور ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 6 ہزار سے زائد تک جا پہنچی تھی۔

آج (29 جون) کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات کا اضافہ ہوا جبکہ بڑی تعداد میں مریض صحتیاب ہوگئے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں حیرت انگیز طور پر گزشتہ روز کے اعدادو شمار کے مقابلے نصف سے کم یعنی 576 کورونا کیسز اور 8 اموات رپورٹ ہوئیں۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 74 ہزار 778 ہوگئی۔

اس کے علاوہ صوبے میں مزید 8 افراد زندگی کی بازی ہار گئے یوں اب تک 1681 مریض اس وبا کے سبب لقمہ اجل بنے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 248 افراد کو متاثر کیا جبکہ 5 افراد کی جان لے لی۔

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متاثر ہونے والے ان افراد کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 12 ہزار 643 تک پہنچ گئی۔

علاوہ ازیں وہاں مزید 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور اموات کی مجموعی تعداد 122 سے بڑھ کر 127 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں 19 نئے کیسز کا اضافہ ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں مجموعی کیسز کی تعداد 1423 سے بڑھ کر 1442 ہوگئی۔

خوشقسمتی سے علاقے میں کورونا وائرس کے باعث کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔

آزاد کشمیر

ادھر آزاد کشمیر میں مزید 22 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی۔

جس کے بعد آزاد کشمیر میں کورونا وائرس سے اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار 27 سے بڑھ کر ایک ہزار 49 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

تاہم جس طرح ملک میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آرہے ہیں اسی طرح صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 2 ہزار 783 لوگ اس وائرس سے مکمل شفایاب ہوگئے۔

اس طرح پاکستان میں ان 4 ماہ سے زائد کے عرصے میں کورونا وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد 92 ہزار 624 سے بڑھ کر 95 ہزار 405 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 206512

اموات: 4167

صحتیاب: 95407

فعال کیسز: 106938