پاکستان میں کورونا وائرس سے صحتیاب افراد کی تعداد ایک لاکھ سے بڑھ گئی
دنیا بھر میں ایک کروڑ لوگوں کو متاثر جبکہ 5 لاکھ سے زائد لوگوں کو ہلاک کرنے والے مہلک نوول کورونا وائرس کا پاکستان میں بھی پھیلاؤ جاری ہے اور اس سے اب تک ملک میں 2 لاکھ 13 ہزار 486 لوگ متاثر ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 4 ہزار 395 تک پہنچ گئی ہے۔
تاہم اب تک اس مجموعی تعداد میں سے ایک لاکھ سے زائد افراد صحتیاب ہوکر معمول کی زندگی میں واپس آگئے ہیں۔
آج (یکم جولائی) کی صبح تک ملک میں 945 نئے کیسز اور 39 اموات کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ 2 ہزار 299 لوگ صحتیاب ہوگئے۔
ملک میں کورونا وائرس کی وبا کو 4 ماہ سے زائد کا عرصہ مکمل ہوگیا اور اب یہ وبا پانچویں مہینے میں داخل ہوچکی ہے، جہاں جون کا مہینہ اب تک سب سے زیادہ خطرناک ثاب ہوا ہے۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا جس کے بعد اس میں بتدریج اضافہ ہوا تاہم مئی اور جون کے مہینے میں صورتحال بالکل تبدیل ہوگئی۔
پہلے کیس سے مارچ کے آخر تک ملک میں کیسز 2 ہزار کے قریب جبکہ اموات 26 تھیں جو اپریل میں بڑھ کر 385 ہوگئیں اور کیسز ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے۔
بعد ازاں مئی کے مہینے میں مزید 54 ہزار سے زائد کیس اور 1100 سے زیادہ اموات کا اضافہ ہوا اور یہ تعداد کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔
تاہم جون کے مہینے میں ملک میں ایک لاکھ 41 ہزار سے زائد کیسز اور 2800 سے زیادہ اموات کا اضافہ دیکھا گیا۔
آج (یکم جولائی) کو ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات سامنے آئی جبکہ مزید لوگ صحتیاب ہوگئے۔
پنجاب
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 761 نئے کیسز اور 35 اموات کا اضافہ ہوا۔
سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں مزید 761 نئے کیسز سے مجموعی تعداد 76 ہزار 262 ہوگئی۔
اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 35 افراد انتقال کرگئے او اس طرح اب تک انتقال کرنے والوں کی تعداد1762 تک پہنچ گئی۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 137 لوگوں کو متاثر کیا۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 137 افراد وائرس کا شکار ہوئے اور یوں مجموعی کیسز کی تعداد 12 ہزار912 ہوگئی۔
گلگت بلتستان
ملک میں اس وائرس سے دوسرے نمبر پر سب سے کم متاثر علاقے گلگت بلتستان میں کورونا کی وبا 19 نئے مریض اور 2 اموات کا اضافہ ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں آنے والے نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 1489 تک پہنچ گئی۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 2 مزید افراد لقمہ اجل بنے اور یوں یہ تعداد 26 تک جا پہنچی۔
آزاد کشمیر
پاکستان میں سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس نے مزید 28 لوگوں کو متاثر کیا جبکہ 2 افراد کا انتقال ہوا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 28 افراد کے متاثر ہونے سے یہ تعداد ایک ہزار 93 ہوگئی۔
اس کے علاوہ مزید 2 افراد کا انتقال ہوا اور یوں یہ تعداد 30 تک پہنچ گئی۔
صحتیاب افراد
علاوہ ازیں پاکستان میں صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور پہلے کیس سے لے کر اب تک ملک میں ایک لاکھ سے زائد افراد مکمل شفا پاچکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 2 ہزار 299 افراد ایسے تھے جنہوں نے کورونا وائرس سے شفا پائی۔
اس اعداد و شمار کے بعد ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 802 ہوگئی۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 213486
اموات: 4395
صحتیاب: 100802
فعال کیسز: 108289
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 84 ہزار 656 ہیں تو وہیں پنجاب میں 76 ہزار 262 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 26 ہزار 598 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار 476 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 12 ہزار 912، گلگت بلتستان میں 1489 اور آزاد کشمیر 1093 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:
پنجاب: 1762
سندھ: 1377
خیبرپختونخوا: 951
بلوچستان: 121
اسلام آباد: 128
آزاد کشمیر: 30
گلگت بلتستان: 26