کراچی شاہراہ پرٹریفک حادثہ، خواتین اور بچوں سمیت 35 افراد جاں بحق

bereaved-mother-in-ambulanceکراچی شاہراہ پر 2 مسافر کوچوں اور آئل ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں  خواتین اور بچوں سمیت 35 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق حب میں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر گڈانی کے قریب چکر نالے پر 2 مسافر کوچوں اور آئل ٹینکر میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 35 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے، ایک کوچ کوئٹہ سے کراچی آ رہی تھی جب کہ دوسری کراچی سے مکران جا رہی تھی۔ حادثے کے بعد گاڑیوں میں آگ لگ گئی جسے فائر بریگیڈ کے عملے نے بجھایا، ایک کوچ آگ لگنے کی وجہ سے مکمل طور پر خاکستر ہو گئی جب کہ ایک دوسری کوچ اور آئل ٹینکر کو ایک دوسرے سے علیحدہ کر کے پھنسے ہوئے مسافروں کو باہر نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب کوسٹ گارڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں 35 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، عینی شاہدین کے مطابق دونوں کوچز میں خواتین اور بچوں سمیت 40 کے قریب مسافر سوار تھے۔

امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے معمولی نوعیت کے زخمیوں کو حب کے اسپتال میں منتقل کیا گیا جب کہ شدید زخمیوں کو کراچی منتقل کیا گیا، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں کو کراچی کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جب کہ جاں بحق ہونے والوں کو کراچی کے ایدھی سرد خانے منتقل کیا گیا۔ محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ جھلسنے کی وجہ سے لاشوں کی شناخت ڈی این اے کے بغیر ممکن نہیں ہے، لاشوں کی شناخت کے لئے نمونے اسلام آباد جائیں گے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *