Site icon DUNYA PAKISTAN

بالی وڈ میں اقربا پروری کا سرغنہ کون ہے؟

Share

کہتے ہیں ہر دور میں قابلیت اور کامیابی کے پیمانے مختلف ہوتے ہیں۔ کسی زمانے میں فلموں کی کامیابی کی ضمانت سلور اور گولڈن جوبلی ہوا کرتی تھی، یعنی 25 سے 50 ہفتے۔ اب باکس آفس کا زمانہ ہے، اگر فلم نے کچھ ہی دنوں میں سو کا نمبر پار کر لیا تو آپ بادشاہ یا کوئن آف بالی وڈ کہلاتے ہیں۔

لیکن اب ایک نیا ٹرینڈ چل پڑا ہے اور کسی فنکار کی کامیابی کا اندازہ سوشل میڈیا سے بھی لگایا جانے لگا ہے یعنی سوشل میڈیا پر کس کے کتنے فالوورز ہیں۔

اپنے خوبصورت اور مسحور کر دینے والے رقص کے لیے مشہور اداکارہ نورہ فتحی نے اس ہفتے جشن منایا اور اس جشن کی وجہ یہ تھی کہ انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد ایک کروڑ 40 لاکھ (14 ملین) سے زیادہ ہو گئی ہے۔

14 ملین فالوورز کی خوشی میں انھوں نے اپنے رقص کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سنہ 2018 کے مس انڈیا کے مقابلے کے دوران رقص کی اس ویڈیو نے ان کی زندگی بدل کر رکھ دی، جس کے بعد انھیں فلموں میں آئٹم نمبر کی آفرز ملنے لگیں۔

’واٹ اے جرنی!‘ نورہ فتحی نے کئی ہٹ گانے دیے ہیں جن میں سب سے مشہور گانا ’دلبر‘ اور ’او ساقی ساقی رے‘ شامل ہیں۔

بالی وڈ میں اقربا پروری

سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد سے غم میں نڈھال کچھ فلمی اور غیر فلمی لوگ ابھی رو رو کر تھکے نہیں تھے کہ ماتم منانے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

اس فہرست میں نیا نام شیکھرسمن کا بھی ہے جو انڈسٹری میں اپنی کوئی خاص جگہ نہیں بنا سکے اور بہت کوششوں کے باوجود بھی کسی بڑے فلمساز سے اپنے بیٹے کو لانچ بھی نہیں کروا سکے۔ اس لیے انھیں لگا کہ اقربا پروری کی بحث میں ان کا بھی حصہ بنتا ہے۔

بہر حال وہ بھی ریاست بہار میں سوشانت سنگھ کے والدین سے ملنے جا پہنچے اور ملاقات کے بعد انھیں کے گھر کے باہر میڈیا سے بھی خطاب کر ڈالا کہ ’سوشانت سنگھ کو انصاف دلوا کر رہیں گے۔‘

شیکھر سمن کی میڈیا میں اس بات چیت کی وڈیو کے ساتھ ہی ریاست بہار میں ہونے والے انتخابات میں ان کے سیاسی عزائم کا ذکر بھی عام ہو رہا ہے۔

کہا جا رہا ہے کہ ان کی اس حرکت سے سوشانت کے گھر والے خوش نہیں ہیں اور وہ سوشانت کی موت کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔

کرن جوہر اقربا پروری کے الزامات کا سب سے بڑا نشانہ

اقربا پروری کے الزامات کا سب سے بڑا نشانہ فلمساز کرن جوہر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ان کے خلاف ایک طرح کی جنگ چھڑی ہوئی ہے۔ اسی دوران کسی منچلے نے کل ٹویٹ کر ڈالی کہ ریلائنس انٹرٹینمنٹ کی فلم ’سوریہ ونشی‘ سے کرن جوہر کو نکال دیا گیا ہے۔

اکشے کمار کی اس فلم کو فلسماز روہت شیٹی ڈائریکٹ کر رہے ہیں اور کرن جوہر اس کے پروڈیوسرز میں شامل ہیں۔

اس بارے میں ریلائنس انٹرٹینمنٹ کے سی ای او شباسیش سرکار نے اس خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر کرن کو پریشان کرنا بند کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایسے چند لوگوں کا کام ہے جو دوسروں کو پریشان کر کے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

بالی وڈ میں مبینہ اقربا پروری کے خلاف پرچم اٹھا کر سب سے آگے چلنے والی اداکارہ کنگنا رناوت کی ویڈیوز اور سوشل میڈیا پر ان کے کمنٹس کے بعد سے سوشل میڈیا پر لوگوں نے فلمی گھرانوں اور ان کے بچوں کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔

کہا جا رہا ہے کہ انڈسٹری کے باہر سے آنے والے لوگوں کو کام ملنا مشکل ہوتا ہے۔ اب کرن جوہر جو کئی ستاروں کے بچوں کو لانچ کر چکے ہیں، وہ اس تو تو میں میں میں بُری طرح پھنس چکے ہیں۔

کرن پر سب سے پہلا حملہ کنگنا نے انھی کے شو ’کافی ود کرن‘ میں کیا تھا اور انھیں اقربا پروری کا سرغنہ کہا تھا۔

اس شو پر ان کے ساتھ سیف علی خان بھی موجود تھے۔ حال میں ایک انٹرویو کے دوران سیف نے کہا کہ اس وقت انھیں بالکل اندازہ نہیں تھا کہ کنگنا کیا کہہ رہی ہیں، لیکن کسی کے شو پر آ کر اسی شخص کو نیچا دکھانے کی کوشش کرنا ٹھیک نہیں۔

سیف کا یہ بھی کہنا تھا کہ چونکہ کرن جوہر بہت کامیاب ہیں اور انڈسٹری میں ایک علامت بن چکے ہیں اس لیے انھیں نشانہ بنانا آسان ہے، کرن اس طرح کی تنقید کے حقدار نہیں ہیں۔

Exit mobile version