Site icon DUNYA PAKISTAN

حلیمہ سلطان: ترک اداکارہ اسرا بلگچ کی پشاور زلمی کے نام ٹویٹ اور سوشل میڈیا صارفین کا ردعمل

Share

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے سیزن کے انعقاد میں ابھی وقت ہے لیکن اتوار کی شب پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کا ذکر پاکستان کے سوشل میڈیا پر اس وقت دیکھنے میں آیا جب پاکستان میں بے حد مقبول ہونے والے ترک ڈرامے ارطغرل غازی کی اہم کردار حلیمہ سلطان یعنی اداکارہ اسرا بِلگِچ کا نام ٹاپ ٹرینڈ کرنے لگا۔

اس کی وجہ ترک ڈرامے ارطغرل غازی میں مرکزی کردار حلیمہ سلطان ادا کرنے والی اداکارہ اسرا بلگچ کی جانب کی گئی ٹویٹ تھی جس میں انھوں نے پشاور زلمی فرنچائز اور اس کے سربراہ جاوید آفریدی کو ٹیگ کرتے ہوئے ٹویٹ کیا جس میں انھوں نے لکھا کہ ’میں بہت جلد آپ کو ایک اچھی خبر سناؤں گی۔‘

اس ٹویٹ کا پس منظر یہ ہے کہ یکم جولائی کو پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں سوشل میڈیا صارفین سے پوچھا تھا کہ ‘اگر ارطغرل غازی پشاور زلمی کے سفیر یا برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر آئیں تو آپ کیا کہیں گے۔‘

اور پھر انھوں نے حلیمہ سلطان کو بھی پشاور زلمی کے برانڈ ایمبیسڈر کے لیے پیشکش کی تھی۔

ترک اداکارہ اسرا بلگچ کی جانب سے اتوار کی شب کی گئی ٹویٹ کے جواب میں جاوید آفریدی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان میں بے حد مقبول ہونے والے ترک ڈرامے ارطغرل غازی کا مرکزی کردار ترک اداکار اینگن التان دُوزیاتن اور حلیمہ سلطان کا کردار اسرا بلگچ نے نبھایا ہے۔ اور یہ دونوں اداکار اس وقت پاکستان میں بے حد مقبول ہیں۔

اتوار کی شب اسرا بلگچ کی جانب سے پشاور زلمی کے سربراہ کو ٹیگ کر کے اچھی خبر کا عندیہ دینا تھا کہ پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین نے ان کے اس پیغام کا خیر مقدم کرتے ہوئے اپنے آرا کا اظہار کرنا شروع کر دیا۔

عدنان احمد نامی ایک صارف نے پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی کے نام ایک پیغام ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اگر آپ ان دونوں اداکاروں کو پشاور زلمی کا برانڈ ایمبیسڈر بنانے کا اعلان کر دیں تو یہ انڈین اور یورپی شہریوں سے ایک بڑا انوکھا انتقام ہو گا۔‘

جبکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر اور پشاور زلمی کے کھلاڑی وہاب ریاض بھی اس بحث میں پیچھے نہ رہے اور انھوں نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’جاوید بھائی اس اچھی خبر کا منتظر ہوں۔‘

اریبہ خان نامی سوشل میڈیا صارف نے ٹویٹ کرتے ہوئے ترک اداکارہ اسرا بلگچ کو پاکستان آنے پر خوش آمدید کہا۔

سعید اگروال نامی صارف نے بھی اسرا بلگچ کو خوش آمدید کہتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’آپ ارطغرل کے ساتھ پاکستان آئیں، آپ سب کو یک ساتھ پاکستان میں دیکھ کر بہت خوشی ہو گی۔‘

سید عدنان اسلم نامی صارف نے لکھا کہ ’ کیا اسرا بلگچ پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسڈر بننے جا رہی ہیں؟ مجھے امید ہے کہ یہ پشاور زلمی کی ٹیم اور پاکستان کے لیے نیک شگون ہو گا۔‘

حرا علی نامی صارف نے لکھا کہ ’اگر حلیمہ سلطان پشاور زلمی کی برینڈ ایمبیسیڈر ہو گیں تو انھیں یقین ہے کہ 90 فیصد پاکستانی پشاور زلمی کی حمایت کریں گے۔‘

کیا ارطغرل غازی اور حلیمہ سلطان پشاور زلمی کے سفیر ہو سکتے ہیں؟

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی

کیا یہ دونوں اداکار پاکستان سپر لیگ کے چھٹے سیزن کے لیے پشاور زلمی کے برینڈ ایمبیسیڈرز ہو سکتے کے سوال پر پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس بارے میں ان سے رابطے ہو رہے ہیں کوئی حتمی فیصلہ ہو گا تو وہ ضرور شائقین کو اس بارے میں اگاہ کیا جائے گا۔

صرف یہی نہیں پشاور زلمی کے لیے ایک اور بڑی خبر یہ ہے کہ پی ایس ایل 6 کے کچھ میچز پشاور کے ارباب نیاز سٹیڈیم میں بھی کھیلے جائیں گے ۔ اس کے لیے ارباب نیاز سٹیڈیم کی تیاری کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی نے چند روز پہلے کہا تھا کہ پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں کچھ میچز پشاور میں ہوں گے۔

انھوں نے بتایا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے چند میچز کا انعقاد پشاور میں کروایا جائے گا اور صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ یہ میچز بہتر انداز میں ہوں۔

جاوید آفریدی نے پشاورزلمی کے شائقین کو مبارکباد دی اور پاکستان کرکٹ بورڈ، پی ایس ایل اور خیبر پختونخوا حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے میچز کا شیڈول اب تک جاری نہیں کیا گیا لیکن تمام فرنچائزز اپنی اپنی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

Exit mobile version