Site icon DUNYA PAKISTAN

معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

Share

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے۔

کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کی۔

ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ میرا کووِڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، ڈاکٹروں کے مشورے کے مطابق میں نے اپنے آپ کو گھر میں آئیسولیٹ کرلیا ہے اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کررہا ہوں۔

ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے مزید بتایا کہ انہیں بیماری کی معمولی سی علامات کا سامنا تھا ساتھ ہی دعاؤں میں یاد رکھنے کی درخواست بھی کی۔

ساتھ ہی اپنے ساتھیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے لکھا کہ اچھے کام جاری رکھیں آپ بہت بڑا فرق پیدا کررہے ہیں، مجھے آپ پر فخر ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے انہوں نے معمولی بخار ہونے پر اپنا ٹیسٹ کروایا تھا جس میں وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد سیاستدان کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جس میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سمیت اپوزیشن جماعتوں پاکستان پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن) اور دیگر کی سینئر قیادت بھی شامل ہے۔

جون میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، اس کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، طارق فضل چوہدری، مریم اورنگزیب، انجینئر امیر مقام سمیت متعدد اہم رہنما اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما و وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ملک کے پہلے سیاستدان تھے جن میں مارچ میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی ان کے علاوہ سابق وزیراعظم اور رہنما پی پی پی یوسف رضا گیلانی بھی وائرس کا شکار ہوئے۔

مزید یہ کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، وزیر مملکت شہریار آفریدی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور گورنر سندھ عمران اسمٰعیل بھی وائرس سے متاثر ہونے کے بعد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

اپریل میں ضلع مردان سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے جبکہ وزیر صحت خیبرپختونخوا نے بتایا تھا کہ ان کے معاون خصوصی کامران خان بنگش میں بھی کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی تھی۔

اس کے علاوہ متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹر اکرام اللہ خان کو بھی کورونا وائرس ہوا تھا۔

وبا کے باعث جن سیاسی رہنماؤں نے وفات پائی ان میں سابق گورنر بلوچستان سید فضل آغا، پی ٹی آئی رہنما و رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا، سندھ کے وزیر برائے انسانی تصفیہ غلام مرتضیٰ بلوچ اور پی ٹی آئی کے میاں جمشید الدین کاکاخیل شامل ہیں۔

Exit mobile version