کورونا وبا: پاکستان میں1067 نئے کیسز، صحتیاب افراد کی تعداد میں مزید 6 ہزار کا اضافہ
دنیا بھر میں ایک کروڑ 15 لاکھ لوگوں سے زائد کو متاثر کرنے جبکہ 5 لاکھ 43 ہزار سے زائد کو ہلاک کرنے والے نوول کورونا وائرس کا پھیلاؤ پاکستان میں بھی جاری ہے اور اب تک اس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 37 ہزار 489 جبکہ اموات 4 ہزار 922 تک پہنچ چکی ہے۔
ملک میں بدھ (8 جولائی) کی صبح تک ایک ہزار 67 افراد متاثر جبکہ 34 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 6 ہزار 8 افراد ایسے تھے جنہوں نے وائرس سے شفا پائی۔
اگرچہ ملک میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں کمی ہوئی ہے جس کی ایک وجہ ٹیسٹ کی تعداد میں کمی بھی ہے، تاہم کیسز کی تعداد میں امید کی کرن ہے کیونکہ اس وبا کے خاتمے کے ساتھ ہی معمولات زندگی مکمل طور پر بحال ہوسکیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا، جس کے بعد 31 مارچ تک کیسز کی تعداد لگ بھگ 2 ہزار جبکہ اموات 26 تک تھیں۔
اپریل میں یہ کیسز بڑھنا شروع ہوئے اور ایک ماہ بعد مجموعی متاثرین ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اموات 385 ہوگئیں۔
مئی میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں تیزی آئی اور 31 تاریخ تک مجموعی کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔
جون میں یہ صورتحال مکمل طور پر بدل گئی اور ایک ماہ میں مجموعی تعداد 2 لاکھ 12 ہزار اور اموات 4300 سے بڑھ گئیں۔
جولائی میں بھی کیسز اور اموات کے آنے کا سلسلہ جاری ہےتاہم یہ جون کے مقابلے میں کچھ حد تک کم ہے۔
آج (8 جولائی) کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید کیسز اور اموات کا اضافہ ہوا۔
پنجاب
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں 930 اور اموات میں 30 کا اضافہ دیکھا گیا۔
سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 930 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور اس طرح یہ تعداد 83 ہزار 599 ہوگئی۔
اس کے علاوہ 30 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے یہ تعداد 1929 تک پہنچ گئی۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 93 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت میں آنے والے ان 93 نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین 13 ہزار 650 تک پہنچ گئے۔
گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں 8 مزید لوگ شامل ہوگئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 8 افراد کے متاثر ہونے سے مجموعی کیسز ایک ہزار 595 تک جاپہنچے۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں کورونا وائرس نے مزید 36 افراد کو اپنا شکار بنایا۔
سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 36 افراد کے متاثر ہونے سے یہ تعداد ایک ہزار 419 ہوگئی۔
اس کے علاوہ وہاں ایک روز میں 4 اموات کا اضافہ بھی ہوا اور یہ تعداد 40 تک پہنچ گئی۔
صحتیاب افراد
تاہم جہاں ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں کمی ہورہی ہے وہی صحتیاب افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے جو ایک امید کی کرن ہے اور اس وقت ملک میں مجموعی کیسز کا نصف سے زیادہ حصہ صحتیاب ہوچکا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 6 ہزار 8 افراد وائرس سے شفایاب ہوگئے۔
ان افراد کے شفایاب ہونے کے بعد ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار 965 تک پہنچ گئی۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 237489
اموات: 4922
صحتیاب: 140965
فعال کیسز: 91602
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 97 ہزار 626 ہیں تو وہیں پنجاب میں 83 ہزار 599 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 28 ہزار 681 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار 919 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 13 ہزار 650، گلگت بلتستان میں 1595 اور آزاد کشمیر 1419 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:
پنجاب: 1929
سندھ: 1614
خیبرپختونخوا: 1045
بلوچستان: 124
اسلام آباد: 140
آزاد کشمیر: 40
گلگت بلتستان: 30