ہیڈلائن

پاکستان میں 2 لاکھ 43 ہزار سے زائد کورونا کیسز، ایک لاکھ 49 ہزار 92 صحتیاب

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں کمی کے باوجود اب بھی ہزاروں کی تعداد میں لوگ متاثر ہورہے ہیں جبکہ اب تک مصدقہ کیسز 2 لاکھ 43 ہزار 552 جبکہ اموات 5 ہزار 57 تک پہنچ گئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق جمعہ کی صبح تک ملک بھر میں 812 نئے کیسز اور 25 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ مزید 3 ہزار 781 افراد صحتیاب ہوگئے۔

ملک میں اگرچہ حالیہ دنوں میں کیسز کی تعداد میں کمی جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور اب تک 60 فیصد سے زیادہ افراد شفایاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں تقریباً ساڑھے 3 ماہ میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرگئی جو ایک تشویشناک بات ہے۔‎

ملک میں اگر اب تک کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیں تو 26 فروری کو ملک میں پہلا کیس جبکہ 18 مارچ کو پہلی موت کی تصدیق ہوئی تھی۔

26 فروری سے لیکر 31 مارچ تک ملک میں کیسز کی تعداد لگ بھگ 2 ہزار اور اموات 26 تک پہنچی تھیں جبکہ بعد ازاں اپریل کے مہینے میں یہ تعداد 385 اور کیسز ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے۔

تاہم مئی کے مہینے میں صورتحال تبدیل ہونا شروع ہوئی اور ایک ماہ میں کیسز بڑھ کر 71 ہزار اور اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

جون کا ماہ اب تک کا سب سے خطرناک ثاب ہوا اور 30 روز میں کیسز 71 ہزار سے بڑھ کر 2 لاکھ 12 ہزار اور اموات 1500 سے بڑھ کر 4300 سے زائد ہوگئیں۔

جولائی کے ابتدائی 9 روز میں بھی کیسز کی تعداد میں 30 ہزار اور اموات میں 700 سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا۔

آج (10 جولائی) کو ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات سامنے آئیں۔

پنجاب

صوبہ پنجاب نے کورونا وائرس نے مزید 674 افراد کو متاثر کیا جبکہ 17 افراد کی جان لے لی۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 674 نئے کیسز سے متاثرین کی مجموعی تعداد 85 ہزار 261 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ 17 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور یہ تعداد 1972 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے کیسز میں 98 اور اموات میں 4 کا اضافہ ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق 98 افراد کے اضافے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں مجموع کیسز کی تعداد 13 ہزار 829 ہوگئی۔

مزید برآں وہاں 4 افراد کا انتقال بھی ہوا، جس سے یہ تعداد 146 تک جاپہنچی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 14 نئے کیسز اور 3 اموات کا اضافہ ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں گلگت بلتستان میں 14 نئے مریض سامنے آئے، جس کے بعد وہاں مصدقہ کیسز کی تعداد ایک ہزار 619 ہوگئی۔

اس کے علاوہ 3 افراد کا انتقال بھی ہوا، یوں مجموعی اموات 34 تک ہوگئی۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس نے 26 افراد کو متاثر کیا جبکہ ایک فرد زندگی کی بازی ہار گیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 26 نئے مریض سامنے آنے سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 485 ہوگئی۔

مزید برآں ایک اور فرد وہاں کورونا وائرس کی وجہ سے زندگی کھو بیٹھا اور مجموعی اموات 41 تک جا پہنچی۔

صحتیاب افراد

علاوہ ازیں ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں مزید 3 ہزار 781 افراد شفایاب ہوگئے۔

صحتیاب افراد کی تعداد میں اس نئے اضافے کے بعد ملک میں اب تک شفایاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 49 ہزار 92 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 243552

اموات: 5057

صحتیاب: 149092

فعال کیسز: 89449

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 900 ہیں تو وہیں پنجاب میں 84 ہزار 587 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 29 ہزار 406 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 52 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 13 ہزار 829، گلگت بلتستان میں 1619 اور آزاد کشمیر 1485 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 1972

سندھ: 1677

خیبرپختونخوا: 1063

بلوچستان: 124

اسلام آباد: 146

آزاد کشمیر: 41

گلگت بلتستان: 34