کھیل

تماشائیوں کی عدم موجودگی میں کھلاڑی ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کریں، مشتاق احمد

Share

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسپن باؤلنگ کوچ مشتاق احمد نے کھلاڑیوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ میدان میں تماشائیوں کی عدم موجودگی میں کھلاڑیوں کو آپس میں ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔

خبرایجنسی رائٹرز کے مطابق انگلینڈ کے خلاف اگلے ماہ شروع ہونے والی سیریز سے قبل قرنطینہ میں موجود مشتاق احمد نے کہا کہ ‘کوئی تماشائی نہیں ہیں اور بمشکل ہی کوئی صحافی ٹیم یا میچ کا تجزیہ کرے کے لیے موجود ہوگا’۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو انہوں نے بتایا کہ ‘سرگرم رہنے کے لیے کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی، تعاون اور مدد کرنے کی ضرورت ہے’۔

خیال رہے کہ کرکٹ کے عالمی سطح پر مقابلے شروع کرنے سے پہلے میدان کو تماشائیوں سے خالی رکھنے سمیت دیگر سخت اقدامات کو یقینی بنانے کی شرط رکھی گئی تھی۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد پہلی مرتبہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو روز قبل ٹیسٹ سیریز کا آغاز ہوچکا ہے جہاں تماشائی موجود نہیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں اگست میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی جہاں قومی ٹیم کو روایتی انداز میں تماشائیوں کی مکمل حمایت حاصل ہوتی ہے لیکن اس مرتبہ کورونا سے تحفظ کی خاطر ایسا نہیں ہوگا۔

مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ ‘کووڈ-19 سے متعلق چیلنجز کے باوجود کھلاڑی اب تک پرجوش ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہم انہیں احتیاطی تدابیر کا عادی بنانے کی کوشش کررہے ہیں اور ان کا ردعمل حیران کن ہے’۔

اسپن باؤلنگ کوچ نے کہا کہ ‘کھلاڑی گیند کو چمکانے کے حوالے سے نئے قانون پر بھی عمل کرنے کی تربیت کررہے ہیں’۔

سابق لیگ اسپنر کا کہنا تھا کہ ‘اسپنرز تاریخی طور پر گیند کو چمکانے کے لیے تھوک کا استعمال کرتے ہیں اور اب انہیں نیا حربہ سکھایا جارہا ہے’۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کی قیادت میں ورسسٹر کے نیو روڈ گراؤنڈ میں قرنطینہ میں ہے لیکن وہ کھیل سے متعلق نئے قواعد پر عمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

پی سی بی نے قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے حتمی شیڈول کا اعلان کردیا ہے اور دورے میں قومی ٹیم 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی20 میچز کھیلے گی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا ابتدائی ٹیسٹ میچ 5 سے 9 اگست تک اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلا جائے گا جبکہ اگلے دونوں ٹیسٹ میچز ساؤتھمپٹن میں بالترتیب 13 سے 17 اگست اور 21 سے 25 اگست تک کھیلے جائیں گے۔

دونوں ٹیمیں سیریز میں شامل تین ٹی 20 میچز کھیلنے کے لیے ایک بار پھر اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر کا رخ کریں گی جہاں 28 اور 30 اگست کے علاوہ یکم ستمبر کو میچز کھیلے جائیں گے۔