فیچرز

جب ایک خاتون نے صرف لفٹ استعمال کرکے 71 افراد کو کووڈ 19 کا شکار بنادیا

Share

کورونا وائرس کا ایک مریض کتنی آسانی سے متعدد افراد کو متاثر کرسکتا ہے، اس کے بارے یقین کرنا مشکل ہے مگر ایسے واقعات مسلسل سامنے آرہے ہیں جو اس کی تصدیق کرتے ہیں۔

طبی ماہرین کا ماننا ہے کہ ایسے ہی ایک واقعے کے میں ایک خاتون نے اپنی لاعلمی میں کم از کم 71 دیگر افراد کو بھی کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کا شکار بنادیا اور وہ بھی صرف ایک لفٹ کو استعمال کرکے۔

ایک رپورٹ کے مطابق یہ خاتون 19 مارچ کو امریکا سے واپس چین کے صوبے ہیلونگجیانگ میں اپنے گھر واپس اس وقت لوٹی تھی جب اس کے علاقے میں کووڈ 19 کے نئے کیسز 8 دن سے رپورٹ نہیں ہوئے تھے۔‎

طبی جریدے جرنل ایمرجنگ انفیکشیز ڈیزیز میں اس کیس کی تفصیلات شائع ہوئیں جن کے مطابق اس خاتون (نام ظاہر نہیں کیا گیا) میں بیماری کی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں بلکہ وائرس کا ٹیسٹ بھی منفی رہا تھا، مگر اس نے خود کو گھر تک محدود کرلیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اپنے اپارٹمنٹ کی عمارت میں اس نے اکیلے لفٹ کو استعمال کیا تھا، جس کے بعد اس نیچے کی منزل میں موجود ایک پڑوسی نے اس لفٹ کو استعمال کیا۔

29 مارچ کو اس پڑوسی کی ماں اور ماں کا بوائے فرینڈ فلیٹ میں اس سے ملنے آئے اور لوگوں کے ایک گروپ کی ایک تقریب میں بھی شرکت کی۔

پھر 2 اپریل کو اس گروپ میں سے ایک کو فالج کا سامنا ہوا اور ہسپتال لے جایا گیا، تاہم اس وقت امریکا سے آنے والی خاتون سے اس کوئی واضح تعلق نظر نہیں آیا تھا بلکہ اس مریض کا کورونا وائرس ٹیسٹ بھی نہیں ہوا تھا۔

طبی ماہرین نے بعد میں دریافت کیا کہ امریکا سے آنے والی خاتون نے اپنی عمارت کی لفٹ کو وائرس سے آلودہ کردیا تھا اور نچلی منزل کی پڑوسی لفٹ استعمال کرنے پر وائرس کا شکار ہوئی۔

اس پڑوسی نے آگے اپنی ماں اور بوائے فرینڈ کو کووڈ 19 کا شکار بنایا اور پھر فالج کے مریض اور اس کے 2 بیٹوں تک بھی اس بیماری کو پھیلا دیا۔

فالج کے مریض کو 6 اپریل کو دوسرے ہسپتال منتقل کیا گیا مگر اس دوران مریض اور اس کے بیٹوں نے پہلے ہسپتال میں 28 افراد بشمول 5 نرسوں اور ایک ڈاکٹر کو وبائی مرض کا شکار بنایا جبکہ دوسرے ہسپتال میں مزید 20 افراد تک وائرس کو پہنچادیا۔

یہ سب کیسز اس وقت سامنے آئے جب نچلی منزل کی پڑوسی کی ماں کے بوائے فرینڈ میں کووڈ 19 کی علامات سامنے آئیں اور ٹیسٹ میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی۔

محققین نے جب یہ جانا کہ اس عمارت میں ایک خاتون حال ہی میں بیرون ملک سے آئی ہے تو اس کا ایک بار پھر ٹیسٹ ہوا اور اس بار اینٹی باڈیز کو دریافت کیا گیا جس سے عندیہ ملا کہ وہ پہلے کووڈ 19 کا شکار رہ چکی ہے۔

چینی محققین نے بتایا کہ ہمارا ماننا ہے کہ یہ خاتون کووڈ 19 کا بغیر علامات والا کیس تھی جس سے خارج ہونے والی وائرس نے لفٹ کی سطح کو آلودہ کیا اور نچلی منزل کی پڑوسی اس کا شکار ہوئی اور پھر یہ سلسلہ آگے پھیلتا چلا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ کووڈ 19 کا بغیر علامات والا ایک مریض بھی بڑے پیمانے پر اس وائرس کو پھیلانے کا باعث بن سکتا ہے۔