ہیڈلائن

ملک میں کورونا وائرس سے مزید 598 افراد متاثر، 5 ہزار صحتیاب

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال میں کچھ حد تک بہتری دیکھی گئی ہے اور یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 59 ہزار 999 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 5 ہزار 475 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 17 جولائی بروز جمعہ کی صبح تک 598 نئے کیسز اور 10 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ 5 ہزار مریض صحتیاب ہوئے۔

گزشتہ چند ہفتوں سے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی تعداد میں کمی دیکھی گئی اور یومیہ 5 سے 6 ہزار تک رپورٹ ہونے والے کیسز اب 2 سے 3 ہزار تک پہنچ گئے ہیں جبکہ یومیہ سامنے آنے والی 100 سے زائد اموات بھی کم ہوکر 2 ہندسوں پر آگئی ہیں۔تحریر جاری ہے‎

یہی نہیں بلکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافے نے ملک میں فعال کیسز کی تعداد کو بھی کافی حد تک کم کردیا ہے اور اس وقت ملک میں 70 فیصد بیمار شفایاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پہلے 2 کیسز ایک ہی دن یعنی 26 فروری کو سامنے آئے تھے جس کے بعد اس وبا کو یہاں ساڑھے 4 ماہ سے زائد کا عرصہ گزرچکا ہے اور اس دوران جون میں یہ وبا اپنے عروج پر دیکھی گئی۔

فروری کے آخری 4 روز سے مارچ کی 31 تاریخ تک ملک میں 2 ہزار کے لگ بھگ کیسز اور 26 اموات رپورٹ ہوئی تھیں۔

اپریل کے اختتام تک کیسز بڑھ کر ساڑھے 16 ہزار جبکہ اموات 385 تک پہنچ گئیں تاہم مئی میں صورتحال کافی تبدیل ہوئی اور کیسز 71 ہزار اور اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد جون میں وائرس کی تشویشناک صورتحال دیکھنے میں آئی اور کیسز بڑھ کر 2 لاکھ 12 ہزار اور اموات 4300 سے تجاوز کر گئیں۔

حالانکہ جون کے مقابلے میں جولائی کا مہینہ وبا کے پھیلاؤ میں کمی کے لحاظ سے صورتحال بہتر ہونے کی نشاندہی کررہا ہے تاہم نئے کیسز اور اموات رپورٹ ہونے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 484 نئے کیسز سامنے آئے اور 8 اموات کا اضافہ ہوا۔

ملک میں کورونا کی صورتحال کی نگرانی کے لیے قائم سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مجموعی کیسز 484 کے اضافے کے بعد 89 ہزار 23 ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب صوبے میں مزید 8 مریض دم توڑ گئے اور یوں مرنے والوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 59 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 52 افراد کو متاثر کیا جبکہ ایک مریض انتقال کرگیا۔

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق شہر اقتدار میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 52 افراد میں وائرس کی تشخیص سے مجموعی کیسز 14 ہزار 454 ہوگئے ہیں۔

اس کے علاوہ ایک اور فرد کے انتقال سے وہاں اب مجموعی اموات کی تعداد 157 ہوچکی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی صورتحال خاصی حد تک کنٹرول میں دیکھی گئی تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں میں 25 نئے مریض سامنے آئے اور ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 25 نئے کیسز کے بعد مجموعی طور پر کیسز کی تعداد ایک ہزار 750 تک پہنچ گئی ہے جبکہ ایک اور مریض کے جاں بحق ہونے سے اموات کی تعداد 39 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ چند روز کے دوران کورونا وائرس کے کیسز میں خاصہ اضافہ دیکھا گیا ہے اور اب یہاں متاثرہ مریضوں کی تعداد گلگت بلتستان سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 37 افراد متاثر ہوئے اور یوں مجموعی کیسز ایک ہزار 808 تک پہنچ گئے۔

صحتیاب افراد

خوش آئند بات یہ ہے کہ ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے جو امید اور حوصلے کا باعث ہے۔

سرکای اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 5 ہزار اس بیماری سے صحتیابی کی جانب لوٹ آئے۔

اس طرح ملک میں مجموعی صحتیاب مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 83 ہزار 737 ہوگئی ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 259999

اموات: 5475

صحتیاب: 183737

فعال کیسز: 70787

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے صوبہ سندھ اور صوبہ پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 10 ہزار 68 ہیں تو وہیں پنجاب میں کیسز کی تعداد دوسرے نمبر پر یعنی 89 ہزار 23 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 31 ہزار 486 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 385 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 454، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 775 اور آزاد کشمیر ایک ہزار 808 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 2059

سندھ: 1922

خیبرپختونخوا: 1124

بلوچستان: 128

اسلام آباد: 157

آزاد کشمیر: 46

گلگت بلتستان: 39

پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 5 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔