پاکستان میں کورونا کیسز 2 لاکھ 65 ہزار سے زائد، اموات تقریباً 5600 تک پہنچ گئیں
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کا گیراف تیزی سے نیچے آرہا ہے اور اب تک مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 65 ہزار 83 ہوگئی جبکہ 5 ہزار 599 افراد انتقال کرچکے ہیں تاہم 2 لاکھ 5 ہزار 929 مریض شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
ملک میں نئے ہفتے کا آغاز یعنی پیر کی صبح تک کورونا وائرس کے 490 نئے کیسز اور 8 اموات کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ ایک ہزار 653 افراد صحتیاب بھی ہوگئے۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں نہ صرف کمی دیکھی جارہی ہے بلکہ اموات کی تعداد بھی کم ہوئی ہے جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد بڑھی ہے۔
مجموعی صورتحال کا جائزہ لیں تو پاکستان میں اس وبا کو تقریباً 5 ماہ کا عرصہ ہوچکا ہے، جہاں یہ وائرس ابتدا میں کم اور بعد بعد ازا تیزی سے پھیلا تاہم اب اس کی رفتار میں ٹھہراؤ نظر آرہا ہے
کیسز کی تعداد میں کمی کی ایک وجہ ٹیسٹنگ میں کمی ہونا بھی ہے تاہم حکومتی تعداد میں کمی کی ایک وجہ اپنی حکمت عملی کو بھی قرار دے رہی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں 26 فروری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد 31 مارچ تک ملک میں کیسز کی تعداد لگ بھگ 2 ہزار اور اموات 26 تک پہنچیں تھیں۔
تاہم اس کے بعد اپریل کے مہینے میں کیسز آہستہ آہستہ بڑھنے شروع ہوئے اور ایک ماہ میں مجموعی تعداد ساڑھے 16 ہزار اور اموات 385 تک جاپہنچیں۔
بعد ازاں مئی میں صورتحال تبدیل ہونا شروع ہوئی اور 31 تاریخ تک مصدقہ کیسز کی تعداد 71 ہزار اور اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں، جس کے بعد جون میں یکسر تبدیل ہونے والی صورتحال نے مہینے کے آخر تک کیسز کو 2 لاکھ 12 ہزار اور اموات کو 4300 سے بڑھا دیا۔
جولائی کے مہینے میں گزشتہ 19 روز میں 52 ہزار کے لگ بھگ کیسز اور 1200 سے زیاد اموات کا اضافہ دیکھا گیا۔
آج (20 جولائی) کو بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات رپورٹ ہوئیں۔
پنجاب
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں کافی کمی دیکھی جارہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں 398 نئے کیسز اور 4 اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا۔
سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والے پورٹل کے مطابق ان 398 نئے کیسز کے بعد پنجاب میں مجموعی کیسز 90 ہزار 191 تک پہنچ گئے۔
اس کے علاوہ وہاں 4 افراد ایسے بھی تھے جو زندگی کی بازی ہار گئے، یوں مجموعی اموات 2 ہزار 83 تک جاپہنچی۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کافی عرصے بعد کیسز کی تعداد میں اتنی کمی دیکھی گئی اور وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 23 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ وہاں 2افراد کا انتقال بھی ہوا جس سے یہ تعداد تو 159 تک پہنچ گئی۔
تاہم 23 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں مجموعی کیسز 14 ہزار 599 تک پہنچ گئے۔
آزاد کشمیر
ملک میں آزاد کشمیر اس وقت دوسرے نمبر پر سب سے کم متاثر علاقہ ہے اور وہاں مزید 27 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں سامنے آنے والے ان 27 کیسز کے بعد وہاں مجموعی تعداد ایک ہزار 915 تک پہنچ گئی۔
گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں 42 اور اموات میں 2 کا اضافہ رپورٹ ہوا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت میں سامنے آنے والے 42 نئے کیسز کے بعد مجموع تعداد ایک ہزار 849 تک پہنچ گئی۔
مزید برآں 2 فرد کے انتقال سے وہاں اموات کی مجموعی تعداد 43 تک جاپہنچی۔
صحتیاب افراد
ملک میں کورونا کیسز میں کمی کے ساتھ ہی صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا جو دیگر مریضوں کے لیے امید کی کرن ہے۔
ملک میں اب تک مجموعی کیسز میں سے 75 فیصد سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ آج ان میں مزید ایک ہزا 653 کا اضافہ ہوا ہے۔
جس کے بعد ملک میں مجموعی طور پر شفایاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 5 ہزار 929 تک پہنچ گئی۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 265083
اموات: 5599
صحتیاب: 205929
فعال کیسز: 53555
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 13 ہزار 7 ہیں تو وہیں پنجاب میں یہ تعداد 90 ہزار 191 تک کیسز پہنچ چکی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 32 ہزار 86 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 436 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 599، آزاد کشمیر میں 1915 اور گلگت بلتستان 1849 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:
پنجاب:2083
سندھ: 1993
خیبرپختونخوا: 1142
بلوچستان: 132
اسلام آباد: 159
آزاد کشمیر: 47
گلگت بلتستان: 43