پاکستان میں کورونا کے 305 نئے کیسز، صحتیاب افراد کی تعداد میں 2101 کا اضافہ
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری نظر آرہی ہے اور ملک میں مصدقہ کیسز کی تعداد میں ایک ٹھہراؤ سامنے آیا ہے۔
ملک میں اب تک کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 66 ہزار 96 ہوگئی ہے اور اس میں سے 5 ہزار 639 افراد لقمہ اجل بنے ہیں جبکہ 2 لاکھ 8 ہزار 30 افراد مکمل صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔
جس کا مطلب یہ ہے کہ ملک میں مجموعی کیسز میں سے تقریباً 78 فیصد لوگ شفایاب ہوچکے ہیں۔
آج (21 جولائی) کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے 305 نئے کیسز اور 8 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 2 ہزار 101 افراد صحتیاب ہوگئے۔
فروری سے ملک میں شروع ہونے والے اس وائرس کے پھیلاؤ میں اگرچہ اب کچھ حد تک کمی دیکھی گئی ہے اور یومیہ کیسز گزشتہ ریکارڈ کے مقابلے میں کم تعداد میں سامنے آرہے ہیں، جس کی ایک وجہ ٹیسٹ کی تعداد بھی کم ہونا ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے اس تقریباً 5 ماہ کے عرصے میں سب سے زیادہ کیسز اور اموات کا مہینہ جون ثابت ہوا، جس میں وائرس اپنی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔
رواں ماہ کی بات کریں تو اس میں بھی ابھی تک 50 ہزار سے زیادہ کیسز اور 1200 سے زیادہ اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔
آج (21 جولائی) کو بھی ملک میں کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ اس طرح ہے۔
پنجاب
ملک کے سب سے بڑے آبادی والے صوبے پنجاب میں مزید 253 کیسز اور 7 اموات کی تصدیق ہوئی۔
سرکاری سطح پر قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں ان 253 نئے کیسز سے مجموعی تعداد 90 ہزار 444 تک پہنچ گئی۔
اس کے علاوہ 7 افراد کے انتقال کرنے سے اموات کی یہ تعداد 2 ہزار 90 ہوگئی۔
اسلام آباد
ملک کے دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی ہوئی ہے اور وہاں مزید 26 نئے کیسز اور ایک موت رپورٹ ہوئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 26 نئے کیسز کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی تعداد 14 ہزار 625 تک پہنچ گئی۔
مزید برآں ایک فرد کے انتقال کرجانے کے بعد اب تک اس وائرس سے موت کا شکار ہونے والے لوگوں کی تعداد 160 تک جاپہنچی۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں کورونا وائرس نے مزید 7 افراد کو متاثر کیا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق ان 7 نئے کیسز کے بعد آزاد کشمیر میں مجموعی کیسز ایک ہزار 922 ہوگئے۔
گلگت بلتستان
ملک میں اس وقت سب سے کم متاثرہ علاقے گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 19 کیسز رپورٹ ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان 19 افراد میں وائرس کی تشخیص سے مجموعی کیسز ایک ہزار 868 تک پہنچ گئے۔
صحتیاب افراد
ملک میں کیسز کی تعداد میں کمی کے ساتھ ہی صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جو اُمید کی ایک کرن ہے۔
ملک میں تقریباً 78 فیصد لوگ صحتیاب ہوچکے ہیں اور فعال کیسز کی تعداد کافی حد تک کم ہوگئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 101 افراد شفایاب ہوئے، یوں اب تک اس وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 8 ہزار 30 تک پہنچ گئی۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 266069
اموات: 5639
صحتیاب: 208030
فعال کیسز: 52427
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 13 ہزار 553 ہیں تو وہیں پنجاب میں یہ تعداد 90 ہزار 444 تک کیسز پہنچ چکی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 32 ہزار 243 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 441 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 625، آزاد کشمیر میں 1922 اور گلگت بلتستان 1868 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:
پنجاب:2090
سندھ: 2019
خیبرپختونخوا: 1147
بلوچستان: 133
اسلام آباد: 160
آزاد کشمیر: 47
گلگت بلتستان: 43