ون پلس کا فلیگ شپ فیچرز والا مڈرینج فون متعارف
چینی کمپنی ون پلس نے اپنا نیا مڈرینج اسمارٹ فون نورڈ 5 جی پیش کردیا ہے جو فیچرز کے لحاظ سے کسی فلیگ شپ ڈیوائس سے کم نہیں۔
ون پلس نورڈ 5 جی میں اسنیپ ڈراگون 765 جی پراسیسر دیا گیا ہے اور بس یہی ایک پہلو ہے جو عندیہ دیتا ہے کہ یہ مڈرینج فون ہے۔
جہاں تک اسکرین کی بات ہے تو اس فون میں 6.44 انچ فلوئیڈ امولیڈ ڈسپلے 90 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ایس آر جی بی اور پی 3 ڈسپلے موڈز دیئے گئے ہیں تاہم ایچ ڈی آر سپورٹ موجود نہیں، جبکہ فنگرپرنٹ ریڈر ڈسپلے کے اندر موجود ہے اور فیس ان لاک کا آپشن بھی ہے۔
اس کے علاوہ 6، 8 اور 12 جی بی ریم اور 64، 128 اور 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن دیئے گئے ہیں، جبکہ 4115 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے اور کمپنی کے مطابق ڈبے میں موجود 30 ٹی چارجر سے ڈیوائس کو آدھے گھنٹے میں 0 سے 70 فیصد تک چارج کیا جاسکتا ہے۔
فون میں ہیڈفون جیک موجود نہیں بلکہ یو ایس بی سی پورٹ کو وائرڈ ہیڈفون کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
فون کے بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس میں مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے۔
اس کے علاوہ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، 5 میگا پکسل ڈیپتھ اور 2 میگا پکسل میکرو کیمرے فون کا حصہ ہیں۔
فرنٹ پر ڈوئل کیمرا سیٹ اپ ہے اور پہلی بار اس کمپنی کے فون میں فرنٹ پر 2 کیمرے دیئے گئے ہیں۔
ایک کیمرا 32 میگا پکسل سنسر سے لیس ہے جبکہ دوسرا 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اینگل کیمرا ہے۔
یہ فون سب سے پہلے ایشیا اور یورپ میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے جس کے 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والے ماڈل کی قیمت ایشیا میں 330 یورو (63 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی جبکہ یورپ میں یہ 400 یورو کا ہوگا۔