80 سالہ سابق وفاقی وزیر افتخار گیلانی کی کم عمر دلہن کے ساتھ تصاویر وائرل

سوشل میڈیا پر سابق وفاقی وزیر سید افتخار گیلانی کی دلہن کے ساتھ تصاویر وائرل ہونے کے بعد لوگ انہیں شادی کی مبارک باد پیش کر رہے ہیں۔

ضعیف العمری میں شادی کیے جانے پر بعض افراد سابق وزیر کو تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں، تاہم بعض افراد کا خیال ہے کہ انہوں نے چوری چھپے افیئر چلانے سے شادی کرنے کو ترجیح دی، جو کہ احسن قدم ہے۔

سید افتخار حسین گیلانی کی شادی کی تصاویر گزشتہ تین دن سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، ساتھ ہی میڈیا میں بھی ان کی شادی کی خبریں شائع ہوئیں۔

انگریزی اخبار بزنس ریکارڈر (بی ریکارڈر) کے مطابق سابق وفاقی وزیر نے خود سے 61 سالہ کم عمر لڑکی سے شادی کی اور ان کی دلہن اور ان کی عمر میں اتنا زیادہ فرق ہونے پر سوشل میڈیا پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔

رپورٹ میں کسی بھی مستند ذرائع کا حوالہ نہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ افتخار گیلانی کی شادی چند دن قبل ہوئی اور ان کی شادی کی تصاویر ابتدائی طور پر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سید افتخار گیلانی 1940 میں پیدا ہوئے، جس حساب سے ان کی عمر 81 برس ہے۔

سید افتخار گیلانی کی شادی کے حوالے سے ٹوئٹر اور فیس بک پر کئی افراد نے کمنٹس کیے اور دعویٰ کیا کہ سابق وفاقی وزیر نے پوتوں اور پوتیوں کی عمر کی لڑکی سے شادی کی۔

رپورٹس کے مطابق افتخار گیلانی نے 21 سالہ لڑکی سے شادی کی—اسکرین شاٹ
رپورٹس کے مطابق افتخار گیلانی نے 21 سالہ لڑکی سے شادی کی—اسکرین شاٹ

لکھاری اور سیلز ٹرینر اشرف چوہدری نے بھی افتخار گیلانی کی شادی کی تصاویر شیئر کیں اور لکھا کہ چھپ کر معاشقے کرنے سے سرعام شادی کرنا بہتر ہے۔

انہوں نے لکھا کہ افتخار گیلانی نے 80 سال کی عمر میں شادی کی اور ساتھ ہی مداحوں سے اپیل کی کہ وہ جوڑے کو نئی زندگی کی مبارک باد پیش کریں۔

افتخار گیلانی کی وائرل ہونے والی تصاویر میں انہیں دلہن کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔

شادی کی خبریں اور تصاویر وائرل ہونے کے بعد تاحال افتخار گیلانی یا ان کے اہل خانہ نے کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔

شادی کی خبروں پر افتخار گیلانی نے کوئی بیان جاری نہیں کیا—فوٹو: ٹوئٹر
شادی کی خبروں پر افتخار گیلانی نے کوئی بیان جاری نہیں کیا—فوٹو: ٹوئٹر

خیال رہے کہ افتخار گیلانی نے 2011 میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کی تھی۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ دلہن افتخار گیلانی سے 60 سال کم عمر ہیں—فوٹو: ٹوئٹر
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ دلہن افتخار گیلانی سے 60 سال کم عمر ہیں—فوٹو: ٹوئٹر

سید افتخار گیلانی پیپلز پارٹی کے بانی ارکان میں شمار ہوتے ہیں، وہ 1988 میں بینظیر بھٹو کے پہلے دور حکومت میں قانون کے وفاقی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔

اس سے قبل افتخار گیلانی کو ذوالفقار علی بھٹو کے انتہائی قریب دیکھا جاتا تھا، تاہم انہوں نے 11 سال قبل اپنی کئی سال کی سیاسی وفاداری تبدیل کرکے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *