ہیڈلائن

کورونا وائرس: پاکستان میں 79فیصد مریض صحتیاب، فعال کیسز 50ہزار سے زائد رہ گئے

Share

پاکستان میں کورونا وائرس صورتحال میں جولائی کے آغاز سے کچھ حد تک بہتری دیکھی جارہی ہے اور یومیہ کیسز کم ہونے سے مجموعی مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 69 ہزار 191 تک پہنچ گئی ہےجبکہ 5 ہزار 709 افراد انتقال کرگئے ہیں۔

تاہم اس مجموعی تعداد میں سے 2 لاکھ 13 ہزار 175 افراد صحتیاب ہوگئے ہیں جو 79 فیصد سے زیادہ ہے، جس کے بعد ملک میں فعال کیسز 50 ہزار سے زائد رہ گئے ہیں۔

آج (23 جولائی) کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 376 نئے کیسز 7 اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا جبکہ 2 ہزار 707 افراد شفایاب ہوگئے۔

ملک میں یومیہ کیسز کی تعداد میں کمی دیکھی جارہی ہے جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے، جو امید کی کرن ہے۔‎

اس عالمی وبا کو پاکستان میں تقریباً 5 ماہ کا عرصہ مکمل ہوچکا ہے اور اب تک جون کا مہینہ کیسز کے حساب سے سب سے تشویشناک رہا تھا۔

26 فروری 2020 کو پہلا کیس سامنے آنے کے بعد حکومتی سطح پر مختلف اقدامات کیے گئے اور ابتدائی طور پر تعلیمی اداروں کی بندش کی گئی جو بعد ازاں لاک ڈاؤن کی صورتحال اختیار کرگئی۔

تاہم لاک ڈاؤن سے پڑنے والے معاشی اثرات کو دیکھتے ہوئے اس میں آہستہ آہستہ نرمی کی گئی اور مختلف شعبوں کو ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی گئی لیکن اس کے باوجود تعلیمی ادارے، سنمینا، کھیلوں کے مقابلے اور دیگر چیزیں تاحال بند ہیں۔

لاوہ ازیں اس پورے عرصے میں کیسز کی صورتحال پر ایک نظر ڈالیں تو 31 مارچ تک 2 ہزار کیسز، 26 اموات، 30 اپریل تک ساڑھے 16 ہزار کیسز 385 اموات اور 31 مئی تک 71 ہزار سے زائد کیسز اور 1500 سے زائد اموات ہوچکی تھیں۔

جون کے مہینے میں کیسز بڑھ کر 2 لاکھ 12 ہزار اور اموات 4300 سے تجاوز کرگئیں جبکہ جولائی میں گزشتہ روز تک مجموعی کیسز میں 56 ہزار اور اموات میں 1300 سے زائد کا اضافہ ہوا۔

آج (23 جولائی) کو سامنے آئے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ اس طرح رہی۔

پنجاب

ملک کے سب سے بڑے آبادی والے صوبے پنجاب میں اس وائرس کے مزید 313 نئے کیسز اور 5 اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے حوالے سے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں 313 افراد کے متاثر ہونے سے مجموعی کیسز 91 ہزار 129 ہوگئے۔

اس کے علاوہ 5 افراد جان کی بازی بھی ہار گئے اور اس سے مجموعی اموات 2100 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 21 افراد کو متاثر کیا اور ایک فرد کا انتقال ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق ان 21 افراد کے متاثر ہونے سے اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 14 ہزار 722 تک جاپہنچی۔

اسی طرح ایک اور فرد جان کی بازی ہار گیا جس سے اب تک وہاں ہوئی اموات کی تعداد 162 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

کورونا وائرس سے دوسرے نمبر پر سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں مزید 24 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ ایک فرد لقمہ اجل بنا۔

اس طرح وہاں اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 24 نئے مریضوں کے اضافے سے ایک ہزار 961 ہوگئی۔

مزید برآں ایک فرد کے انتقال سے آزاد کشمیر میں اموات 48 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

پاکستان میں اس وقت سب سے کم متاثر علاقہ گلگت بلتستان ہے، جہاں مزید 18 مریضوں کی تصدیق ہوئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سامنے آئے ان نئے مریضوں کے بعد وہاں مجموعی کیسز کی تعداد ایک ہزار 896 تک جا پہنچی۔

صحتیاب افراد

ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ دیکھا جارہا ہے اور آج بھی مزید 2 ہزار 707 افراد اس وائرس سے مکمل شفایاب ہوگئے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب ہونے والوں کے بعد مجموعی طور پر اب تک شفا پانے والوں کی تعداد 2 لاکھ 13 ہزار 175 ہو گئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز268815

اموات5702

صحتیاب210468

فعال کیسز52645

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 15 ہزار 213 ہیں تو وہیں پنجاب میں یہ تعداد 91 ہزار 129 تک کیسز پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 32 ہزار 753 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 517 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 722 ، آزاد کشمیر میں 1961 اور گلگت بلتستان 1896 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب:2100

سندھ: 2060

خیبرپختونخوا: 1158

بلوچستان: 136

اسلام آباد: 162

آزاد کشمیر: 48

گلگت بلتستان: 45