دھاندلی کے الزامات :افغان صدارتی انتخابات کے نتائج ملتوی

Abdullah-Abdullahافغانستان کے صدارتی انتخابات کے نتائج دھاندلی کے الزامات کے باعث 2 روز کے لئے ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق افغان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان صدر کا چناؤ عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیئے، ووٹوں کی گنتی میں دھاندلی کی شکایات کی مکمل تحقیقات کے باعث انتخابات کے نتائج 2 روز کے لئے ملتوی کر دیئے گئے ہیں، اب انتخابی نتائج کا اعلان 24 کے بجائے  26 اپریل کو  کیا جائے گا۔
اس سے پہلے افغان آزاد الیکشن کمیشن کے ترجمان نورمحمد نے منگل کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ 93فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی ہے جس میں صدارتی امیدوارعبداللہ عبداللہ کو برتری حاصل ہے انھوں نے اب تک 49.67فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ ان کے قریب ترین حریف اشرف غنی ہیں جبکہ تیسرے نمبر پر زلمے رسول ہیں۔
انہوں نے کہاکہ باقی رہ جانے والے ووٹوں کی گنتی کا کام تیزی سے جاری ہے،اگرجیتنے والا امیدوار50 فیصدسے زیادہ ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہاتو انتخابات کا دوسرامرحلہ منعقد کیا جائیگا،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ابھی  یہ کہنا قبل ازوقت ہوگاکہ آیا انتخابات کا دوسرامرحلہ منعقد ہوگا یا نہیںاس لیے تھوڑاانتظارضروری ہے ، ادھر افغان میڈیانے دعویٰ کیاکہ عبداللہ عبداللہ نے 50فیصد ووٹ حاصل کرلیے ہیں اور اب صرف اعلان ہونا باقی ہے ۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *