ہیڈلائن

پاکستان میں کورونا کے پونے 3 لاکھ کیسز میں سے 2 لاکھ 42ہزار سے زائد صحتیاب

Share

دنیا بھر میں ایک کروڑ 64 لاکھ 26 ہزار سے زائد لوگوں کو متاثر اور 6 لاکھ 54 ہزار سے زائد اموات کا سبب بننے والے مہلک کورونا وائرس کے پاکستان میں اثرات کم ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

ملک میں اب تک مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 75 ہزار 202 ہوچکی ہے جس میں سے 5 ہزار 865 کا انتقال جبکہ 2 لاکھ 42 ہزار 436 صحتیاب ہوئے ہیں جو 88 فیصد ہے۔

آج (28 جولائی) کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید 287 کیسز اور 10 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ ایک ہزار 410 افراد شفایاب ہوگئے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کو 5 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے اور اس پورے عرصے میں وائرس کے پھیلاؤ میں بتدریج اضافہ دیکھا گیا تاہم اب کیسز میں کمی آرہی ہے۔‎

26 فروری کو سامنے آنے والے پہلے کیس سے لیکر 31 مارچ تک ملک میں کورونا وائرس کے 2 ہزار کے لگ بھگ کیسز اور 26 اموات تھیں۔

جس کے بعد اپریل میں اس تعداد میں اضافہ شروع ہوا اور ایک ماہ کےعرصے میں کیسز ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اموات 385 ہوگئیں۔

مئی کا مہینہ صورتحال کی تبدیلی کا باعث بنا اور 31 روز میں کیسز کی تعداد بڑھ کر 71 ہزار اور اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

تاہم جون کا مہینہ اب تک سب سے زیادہ تشویشناک رہا اور ایک ماہ کے دوران کیسز تیزی سے بڑھتے ہوئے 2 لاکھ 12 ہزار کے مجموعی ہندسے کو عبور کرگئے جبکہ اموات بھی 4300 سے زائد ہوگئیں۔

علاوہ جولائی کے 27 روز میں کیسز کی تعداد میں 62 ہزار سے زائد کا اضافہ ہوا جبکہ 1500 سے زائد اموات رپورٹ ہوئیں۔

آج (28 جولائی) کو بھی ملک میں کیسز اور اموات کی تعداد کچھ اس طرح رہی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس نے مزید 206 افراد کو متاثر کیا جبکہ 9 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب میں 2 ماہ بعد ایسا ہوا تھا کہ 24 گھنٹوں میں کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی تھی۔

تاہم سرکاری سطح پر فراہم کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں مزید 206 افراد کے متاثر ہونے سے مجموعی کیسز 92 ہزار 279 ہوگئی۔

اس کے علاوہ وہاں 9 اموات کے اضافہ دیکھا گیا اور یوں مجموعی اموات 2 ہزار 125 تک جا پہنچی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 54 افراد کو متاثر کیا جبکہ ایک فرد جان کی بازی ہار گیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 14 ہزار 938 تک پہنچ گئی۔

مزید برآں ایک فرد کے انتقال کرجانے سے یہ تعداد 164 سے بڑھ کر 165 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

ملک میں کم متاثر علاقوں میں سے ایک آزاد کشمیر میں مزید 6 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں ان 6 افراد کے متاثر ہونے سے مجموعی کیسز کی تعداد 2040 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

اس وقت ملک میں سب سے کم متاثر علاقے گلگت بلتستان میں کورونا کیسز کی تعداد 2 ہزار سے بڑھ گئی۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 21 افراد ایسے تھے جن میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

یوں اب تک وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 1989 سے بڑھ کر 2010 تک ہوگئی ہے۔

صحتیاب افراد

ملک میں کیسز میں کمی کے ساتھ صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

نئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں ایک ہزار 410 مریض شفایاب ہوگئے، جس کےبعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 42 ہزار 436 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 275202

اموات: 5865

صحتیاب: 242436

فعال کیسز: 26901

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 18 ہزار 824 ہیں تو وہیں پنجاب میں یہ تعداد 92 ہزار 279 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 33 ہزار 510 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 601 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 938، آزاد کشمیر میں 2040 اور گلگت بلتستان 2010 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2162

پنجاب: 2125

خیبرپختونخوا: 1180

بلوچستان: 136

اسلام آباد: 165

آزاد کشمیر: 49

گلگت بلتستان: 48