ہیڈلائن

کورونا وبا: گلگت میں کیسز آزاد کشمیر سے زیادہ، ملک میں مجموعی صورتحال میں بہتری

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور اب تک 2 لاکھ 77 ہزار 348 کیسز میں سے 2 لاکھ 46 ہزار 131 صحتیاب ہوگئے ہیں۔

ملک میں مصدقہ کیسز میں سے صحتیاب افراد کی تعداد 88 فیصد سے زائد ہے جبکہ ان کیسز میں سے 5 ہزار 924 افراد انتقال بھی کرچکے ہیں۔

آج (30 جولائی) کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے 285 نئے کیسز اور 9 اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا جبکہ ایک ہزار 248 افراد صحتیاب ہوگئے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی وبا کو 5 ماہ سے زائد کا عرصہ مکمل ہوچکا ہے اور اس دوران کیسز کے حساب سے سب سے تشویش ناک مہینہ جون ثابت ہوا ہے۔‎

اگر اب تک کی صورتحال پر ایک نظر ڈالیں تو 26 فروری کو پہلے کیس سے لیکر 31 مارچ تک ملک میں کورونا وائرس کے 2 ہزار کے لگ بھگ مریض اور 26 اموات تھیں، جو بعد ازاں اپریل کےمہینے میں بڑھ کر 385 تک پہنچ گئیں جبکہ کیسز ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے۔

مئی کے مہینے میں کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھنا شروع ہوئی اور ایک ماہ کے اختتام تک کیسز 71 ہزار اور اموات 1500 سے تجاوز کرگئی، جس کے بعد ماہ جون میں صورتحال یکسر بدل گئی اور 30 جون تک ملک میں مجموعی کیسز 2 لاکھ 12 ہزار اور اموات 4300 سے بڑھ گئیں۔

جولائی کا مہینہ جون کے مقابلےمیں قدر بہتر ثابت ہوا اور گزشتہ 20 روز کے دوران تقریباً 65 ہزار کیسز اور 1600 کے قریب اموات سامنے آئیں۔

آج 30 جولائی کو سامنے آنے والے کیسز کے بعد صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے 203 نئے کیسز اور 5 اموات کا اضافہ دیکھا گیا۔

سرکاری سطح پر قائم پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان 203 کیسز کے بعد مجموعی تعداد 92 ہزار 655 ہوگئی۔

اس کے علاوہ وہاں 5 اموات کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد صوبے میں اب تک لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد 2 ہزار 138 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے کیسز 15 ہزار کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 24 کیسز سے مجموعی تعداد 14 ہزار 987 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

ملک میں ایک مرتبہ پھر گلگت بلتستان میں کیسز آزاد کشمیر سے زیادہ ہوگئے اور وہاں ایک روز میں مزید 48 افراد وائرس کا شکار ہوئے جبکہ 3 لقمہ اجل بنے۔

اس نئے اعداد و شمار کے بعد وہاں 48 کیسز کے اضافے سے مجموعی تعداد 2090 ہوگئی۔

مزید برآں 3 افراد کے انتقال کرجانے سے مجموعی اموات کی تعداد 53 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

ملک میں اس وقت سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس مزید 10 افراد کو متاثر اور ایک فرد کی جان لے گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں مزید 10 نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 2065 ہوگئی۔

علاوہ ازیں وہاں ایک اور موت کے بعد مجموعی تعداد 51 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں جہاں کیسز کی تعداد میں کمی ہورہی ہے وہیں صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جو امید کی کرن ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 248 افراد شفایاب ہوئے اور اس طرح مجموعی تعداد 2 لاکھ 46 ہزار 131 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 277348

اموات: 5924

صحتیاب: 246131

فعال کیسز: 25293

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 20 ہزار 52 ہیں تو وہیں پنجاب میں یہ تعداد 92 ہزار 655 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 33 ہزار 845 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 654 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 987، آزاد کشمیر میں 2065 اور گلگت بلتستان 2090 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2189

پنجاب: 2138

خیبرپختونخوا: 1192

بلوچستان: 136

اسلام آباد: 165

آزاد کشمیر: 51

گلگت بلتستان: 53