Site icon DUNYA PAKISTAN

پاکستان میں کورونا کیسز 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد، 2 لاکھ 48 ہزار 873 صحتیاب

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور عید کے موقع پر کیسز کی تعداد میں کمی نے مستقبل کے لیے امید کی کرن پیدا کردی ہے۔

ملک میں اب تک کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار 29 ہوگئی ہے جس میں سے 5 ہزار 984 انتقال کرگئے ہیں جبکہ 2 لاکھ 48 ہزار 873 صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

آج (3 اگست) کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 172 نئے کیسز اور 7 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 296 افراد شفایاب بھی ہوگئے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس چھٹے ماہ میں داخل ہوچکا ہے اور گزشتہ 5 ماہ کے دوران اس کے کیسز میں پہلے بتدریج اضافہ اور اب کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔‎

ملک میں کیسز میں کمی کی ایک وجہ ٹیسٹ کی تعداد میں کمی بھی ہے تاہم حکومتی عہدیداران اسے حکومتی حکمت عملی کی کامیابی قرار دیتے ہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد ملک بھر سے کیسز کے آنے کا سلسلہ شروع ہوا۔

اگرچہ ابتدا میں کیسز کی تعداد کم تھی تاہم مئی اور جون کے مہینے ملک میں وبا کی بلندی کے ماہ ثابت ہوئے جبکہ جولائی کے ماہ میں یومیہ صورتحال کچھ بہتر ہوتی نظر آئی۔

ماہ اگست کا آغاز چونکہ عیدالاضحیٰ سے ہوا تو گزشتہ 2 روز میں کیسز کی کافی کم تعداد سامنے آئی۔

آج (3 اگست) کو ملک میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کے بعد مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 24 نئے کیسز اور 4 اموات رپورٹ ہوئیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں ان نئے 24 کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 93 ہزار 197 ہوگئی۔

اس کے علاوہ مزید 4 افراد کے لقمہ اجل بننے سے مجموعی اموات 2 ہزار 148 تک پہنچ گئیں۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس مزید 63 افراد کو متاثر جبکہ 2 افراد کی جان لے گیا۔

صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے 3 اگست کو جاری کردہ 2 اگست کے اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں مزید 63 افراد کے متاثر ہونے سے مجموعی کیسز کی تعداد 34 ہزار 223 ہوگئی۔

اس کے علاوہ صوبے میں مزید 2 افراد کے جان سے جانے سے مجموعی اموات 1202 تک پہنچ گئیں۔

بلوچستان

صوبہ بلوچستان میں کورونا وائرس مزید 31 افراد کو متاثر کرگیا۔

حکومت بلوچستان کی 2 اگست کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق صوبے میں مزید 31 نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 11 ہزار 774 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 24 افراد کو متاثر کیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز 15 ہزار 76 تک پہنچ گئے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 23 کیسز رپورٹ ہوئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان 23 نئے کیسز کے بعد وہاں مجموعی تعدا 2 ہزار 180 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

کورونا وائرس سے ملک میں سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں مزید 7 کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں ان نئے 7 کیسز کےبعد مجموعی تعداد 2 ہزار 93 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ وہاں ایک اور فرد کے انتقال کرنے سے اموات 54 ہوگئیں۔

صحتیاب افراد

ملک میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی 88 فیصد سے بڑھ گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 296 مریض شفایاب ہوگئے۔

یوں اب تک ملک بھر میں اس عالمی وبا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 48 ہزار 873 ہوگئی جو مجموعی کیسز کا 88 فیصد سے زائد ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 280029

اموات: 5984

صحتیاب: 248873

فعال کیسز: 25172

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 21 ہزار 486 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 93 ہزار 173 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 34 ہزار 160 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 743 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار76، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 93 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 180 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2224

پنجاب: 2148

خیبرپختونخوا: 1202

بلوچستان: 136

اسلام آباد: 165

گلگت بلتستان: 55

آزاد کشمیر: 54

Exit mobile version