دنیابھرسے

5 اگست کے پیشِ نظر بھارتی حکام نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کردیا

Share

نئی دہلی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خودمختار حیثیت ختم کرنے کے جابرانہ اقدام کو ایک برس مکمل ہونے پر احتجاجی مظاہروں کے ڈر سے ایک روز قبل ہی پوری وادی میں کرفیو نافذ کردیا گیا۔

فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے مرکزی شہر سری نگر کے لیے جاری حکومتی ہدایت نامے میں کہا گیا کہ ’یہ پابندیاں فوری طور پر نافذ ہوں گی اور 4 اور 5 اگست تک نافذ العمل رہیں گی’۔

اس ضمن میں ایک سینئر پولیس عہدیدار نے شناخت پوشیدہ رکھنے کی شرط پر خبررساں ادارے کو بتایا کہ ’کشمیر کے تمام اضلاع میں مکمل طور پر کرفیو نافذ رہے گا‘۔

مکمل کرفیو کا مطللب اس دوران صرف اور صرف خصوصی سرکاری پاس کے ذریعے نقل و حرکت ممکن ہے جو کہ ضروری سروسز مثلاً پولیس اور طبی عملے کے لیے جاری کیے جاتے ہیں جبکہ باقی کشمیری عوام گھروں میں محصور رہیں گے۔‎

واضح رہے کہ بھارت نے پہلے ہی ہمالیائی خطے میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کی آڑ میں کاروباری سرگرمیاں اور عوام کی نقل و حرکت محدود کر رکھی ہے۔

اس نئے حکم نامے کے تحت وائرس کے سلسلے میں نافذ لاک ڈاؤن کو 8 اگست تک توسیع دے دی گئی ہے۔

کرفیو کے نافذ کے نئے حکم نامے کے بعد پولیس کی گاڑیاں سری نگر میں رات کو گشت کرتی رہیں اور عوام کو میگا فون کے ذریعے گھروں میں رہنے کی ہدایات کی جاتی رہیں۔

پابندیوں میں اضافہ

امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت نے مارش میں کورونا وائرس کے سبب مزید سخت پابندیاں عائد کردی تھیں جس سے خطے کا سماجی و معاشی بحران مزید بگڑ گیا تھا۔

جس کے بعد کچھ پابندیوں میں نرمی کی گئی تھی تاہم مقبوضہ کشمیر میں سیکڑوں چیک پوائنٹس اور انٹرنیٹ کی سروس انتہائی سست ہونے کی وجہ سے زندگی اب بھی مشکل ہے۔

کشمیر چیمبر آف کامرس کے مطابق وادی میں معاشی حالات بھی دگردوں ہیں اور 2019 کے اختتام تک 5 لاکھ کشمیری اپنی ملازمتوں سے محروم ہچکے ہیں۔

دوسری جانب بھارتی حکام نے یکم اگست سے ہی وادی کشمیر میں عائد پابندیوں کو مزید سخت کرنا شروع کردیا تھا۔

اس سلسلے میں پیر کی صبح شہر کی مرکزی شاہراہوں کو بند کرنے کے لیے نئی خاردار تاریں اور لوہے کی رکاوٹیں لگائی گئیں۔

دیگر شہروں اور قصبوں کے رہائشیوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ پولیس نے انہیں جمعرات تک اپنے گھروں سے باہر نہ نکلنے کا حکم دیا ہے۔

یہ کرفیو بالکل اسی طرز کا کرفیو ہے جو بھارتی حکام نے گزشتہ برس 5 اگست کو کشمیر کی خصوصی نیم خودمختار حیثیت کے خاتمے سے قبل نافذ کیا تھا۔

اس دوران ہر قسم کا مواصلاتی رابطہ بند کردیا تھا فون اور انٹرنیٹ لائنز منقطع کردی گئی تھیں اور دنیا کے سے فوج زدہ علاقے میں مزید فوجی دستے بھیج دیے گئے تھے۔

اس کے ساتھ کشمیری حریت پسندوں کے خلاف سیکیورٹی آپریشنز میں بھی اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ کچھ برسوں کے مقابلے 2020 خونی سالوں میں سے ایک ثابت ہوا۔

مقبوضہ کشمیر کی مسلمان اکثریتی آبادی میں بھارت کی ہندو قوم پرست حکومت کے خلاف گزشتہ برس سے شدید غصہ پایا جاتا ہے بالخصوصی کشمیریوں کے مخصوص حقوق دوسروں کو دینے پر کہ جس سے وادی سے باہر کے لوگ یہاں زمین خرید سکیں گے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ خطے کی آبادی کا تناسب بگاڑنے کی سوچی سمھجھی کوشش ہے۔

یہاں یہ بات بھی مدِ نظر رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت حکومت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف 3 دہائیوں سے مسلح جدو جہد جاری ہے جس میں ہزاروں کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔