ہیڈلائن

پاکستان میں ڈھائی لاکھ کے قریب مریض صحتیاب، فعال کیسز 25 ہزار رہ گئے

Share

پاکستان میں کورونا وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ بے اثر ہوتا جارہا ہے اور ملک میں 2 لاکھ 80 ہزار 461 مصدقہ کیسز میں سے 2 لاکھ 49 ہزار 397 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 5 ہزار 999 افراد کا انتقال بھی ہوا ہے۔

آج 4 اگست کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 180 کیسز اور 7 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 524 افراد ایسے تھے جو وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں بڑی تعداد تعداد میں کمی نے امید کی کرن پیدا کردی ہے اور اس وقت ملک میں فعال کیسز 25 ہزار سے کچھ زیادہ ہی رہ گئے ہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جبکہ 18 مارچ سے اس وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں سامنے آئی تھی۔‎

تاہم ابتدا میں اس وائرس کا پھیلاؤ کافی حد تک کم تھا جو اپریل کے مہینے سے بڑھنا شروع ہوا اور مئی اور جون میں کیسز میں کافی تیزی دیکھی گئی جبکہ جولائی کے مہینے میں بھی مجموعی صورتحال معتدل رہی تاہم یومیہ کیسز میں کافی حد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز اور اموات میں کمی کی ایک بڑی وجہ ٹیسٹ کا کم ہونا بھی ہے لیکن حکومتی عہدیدار اس کمی کو اپنی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی سے بھی جوڑتے ہیں۔

اگر اگست کے ابتدائی 3 روز کی بات کریں تو اس میں عید کے باوجود کیسز اور اموات کی تعداد کافی کم نظر آئی۔

آج 4 اگست کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید کیسز اور اموات کےبعد صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

پنجاب

آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 139 نئے کیسز اور 5 اموات کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے کے لیے بنائے گئے پورٹل کے مطابق ان نئے 139 کیسز کے بعد صوبے میں مجموعی متاثرین کی تعداد 93 ہزار 336 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ 5 اموات کا اضافہ صوبے میں اموات کی تعداد کو 2 ہزار 153 تک لے گیا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 19 افراد کو متاثر جبکہ 2 کی جان لے گیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 19 نئے مریض سامنے آئے اور اس طرح مجموعی کیسز کی تعداد 15 ہزار 95 ہوگئی۔

مزید برآں 2 افراد کے انتقال کے باعث دارالحکومت میں مجموعی اموات 167 تک جاپہنچیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی وبا کا پھیلاؤ دیگر علاقوں کے مقابلے میں کم ہے اور وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 18 کیسز آئے ہیں۔

ان نئے کیسز کے بعد گلگت بلتستان میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار 198 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

ملک کے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں مزید 4 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے 4 کیسز کے بعد علاقے میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار 97 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا کیسز میں سے ایک بڑی تعداد اب تک صحتیاب ہوچکی ہے جو دیگر فعال کیسز کے لیے امید کی کرن ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 524 مریض کورونا وائرس سے شفایاب ہوئے اور یوں مجموعی طور پر اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 49 ہزار 397 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 280461

اموات: 5999

صحتیاب: 249397

فعال کیسز: 25065

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 21 ہزار 705 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 93 ہزار 336 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 34 ہزار 253 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 777 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 95، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 97 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 198 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2226

پنجاب: 2153

خیبرپختونخوا: 1208

بلوچستان: 136

اسلام آباد: 167

گلگت بلتستان: 55

آزاد کشمیر: 54