پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری، 90 فیصد مریض صحتیاب
پاکستان میں کورونا وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ بے اثر ہوتا جارہا ہے اور ملک میں اس عالمی وبا کے فعال کیسز 20 ہزار سے زائد رہ گئے ہیں۔
ملک میں اگرچہ مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار 136 ہے تاہم اس میں 2 لاکھ 54 ہزار 286 لوگ صحتیاب ہوگئے ہیں جبکہ 6 ہزار 14 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔
اس عالمی وبا سے ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 90 فیصد سے بڑھ چکی ہے جو اس وبا کے مکمل خاتمے کے لیے امید کی کرن ہے۔
آج (5 اگست) کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 290 کیسز اور 5 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ مزید 4 ہزار 889 افراد صحتیاب بھی ہوگئے۔
گزشتہ برس دسمبر سے چین سے شروع ہونے والے اس مہلک وائرس کا پاکستان میں پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا جس کے بعد سے اب تک اس وبا کو 5 ماہ سے زائد کا عرصہ گزرچکا ہے۔
اس پورے عرصے کے دوران ابتدا میں ملک میں کورونا کیسز کی تعداد کم تھی تاہم مارچ کے بعد سے ان کیسز میں اضافہ دیکھا گیا۔
اپریل کے مہینے میں کچھ حد تک کیسز بڑھنے کے بعد مئی اور جون میں کورونا وائرس کے کیسز بلندی تک جاتے دکھائی دیے تاہم جولائی کے مہینے میں ان کیسز کی یومیہ تعداد میں کچھ کمی آئی۔
اگست کے آغاز میں اگرچہ عید الاضحیٰ ہونے کے باوجود کیسز کی تعداد کم رہی جبکہ اموات میں بھی گزشتہ اعداد و شمار کے مقابلے میں اس طرح کا اضافہ دیکھنے میں نہیں آیا۔
آج سامنے آنے والے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔
پنجاب
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 235 کیسز اور 4 اموات کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں ان نئے 235 کیسز کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 93 ہزار 571 ہوگئی۔
اس کے علاوہ ملک کے آبادی کے حساب سے سب سے بڑے صوبے میں 4 اموات بھی ہوئیں اور یہ تعداد 2 ہزار 157 تک پہنچ گئی۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری دیکھنی میں آئی اور وہاں مزید 27 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت میں ان نئے 27 کیسز کے بعد مجموعی تعداد 15 ہزار 122 تک پہنچ گئی۔
گلگت بلتستان
ملک کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں مزید 20 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔
سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 20 نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار 218 تک جاپہنچی۔
آزاد کشمیر
پاکستان میں سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس نے مزید 8 افراد کو متاثر کیا جبکہ ایک فرد جان کی بازی ہار گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق ان 8 نئے مریضوں کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 105 ہوگئی۔
مزید برآں ایک اور فرد کے انتقال کرجانے سے وہاں اموات کی مجموعی تعداد 55 تک پہنچ گئی۔
صحتیاب افراد
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے مقابلے میں اب صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ملک میں 90 فیصد مریض شفا پاچکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 4 ہزار 889 مریض صحتیاب ہوئے، جس کے بعد مجموعی تعداد 2 لاکھ 54 ہزار 286 ہوگئی۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 281136
اموات: 6014
صحتیاب: 254286
فعال کیسز: 20836
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 22 ہزار 16 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 93 ہزار 571 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 34 ہزار 324 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 780 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 122 ، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 105 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 218 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:
سندھ: 2231
پنجاب: 2157
خیبرپختونخوا: 1213
بلوچستان: 136
اسلام آباد: 167
گلگت بلتستان: 55
آزاد کشمیر: 55