ہالی وڈ کی سابق اداکارہ کیمرون ڈیاز نے کہا ہے کہ دو سال قبل اداکاری چھوڑنے کے فیصلے کے بعد سے انھیں ‘روحانی سکون’ مل گیا ہے۔
کیمرون ڈیاز ہالی وڈ کی مایہ ناز اداکاراؤں میں رہی ہیں اور ان کے کریڈٹ پر معروف فلمیں ہیں جیسے ‘چارلیز اینجل’، شریک، وغیرہ۔
لیکن ان کے 20 سالہ کرئیر کی آخری فلم 2014 میں جاری ہوئی جس کا نام ‘اینی’ تھا۔
اپنی سابق ساتھی اداکارہ گئیونتھ پالٹرو کے صحت پر کیے گئے پاڈ کاسٹ پر بات کرتے ہوئے کیمرون ڈیاز نے کہا کہ ‘میرے روح کو سکون مل گیا ہے جب سے میں نے اپنا خیال رکھنا شروع کیا ہے۔ یہ بہت عجیب سی بات ہے کہنا اور شاید بہت سے لوگ سمجھ نہیں سکیں گے، لیکن مجھے علم ہے کہ آپ کو سمجھ آ جائے گی میری بات، لیکن اس درجے پر کام کرنا اور مسلسل سب کی نظروں میں رہنا بہت تھکا دیتا ہے۔’
47 سالہ کیمرون ڈیاز نے مزید کہا: ‘آپ کی طرف بہت لوگوں کی توجہ ہوتی ہے جب آپ اداکار ہوتے ہیں اور خود کو سامنے پیش کرتے ہیں’۔
کیمرون ڈیاز نے باضابطہ طور پر اپنی ریٹائیرمنٹ کا اعلان 2018 میں کیا تھا لیکن انھوں نے ماضی میں بھی کہا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ کبھی مستقبل میں وہ واپس آ جائیں۔
کیمرون ڈیاز نے اپنے کرئیر کا آغاز 1994 کی مشہور فلم ‘دا ماسک’ سے کیا تھا جس میں ان کے ساتھی اداکار جم کیری تھے۔
انھوں نے کہا کہ لاکھوں ڈالر کی مالیت سے بنائی گئی فلموں کی کامیابی کی ضمانت بننا بڑی ذمہ داری ہے لیکن اداکاروں کا ہمیشہ خیال رکھا جاتا ہے اور وہ ہمیشہ چاہتی تھیں کہ وہ خود اپنے پیروں پر کھڑی رہیں اور کسی کے سہارے کی ضرورت مند نہ ہوں۔
‘میں نے وفقہ لیا اور اپنے زندگی کا جائزہ لیا۔ جب آپ فلم بنا رہے ہوتے ہیں تو آپ کی ذات آپ کی نہیں ہوتی۔ آپ 12 گھنٹے سیٹ پر ہوتے ہیں اور وہ بھی کئی کئی مہینے اور کچھ کرنے کا وقت نہیں ہوتا۔ ‘
کیمرون ڈیاز نے 2015 میں 41 سالہ موسیقار بینجی میڈن سے شادی کی اور 2019 میں ان کی پہلی اولاد ایک بیٹی ہوئی جس کا نام انھوں نے ریڈیکس رکھا ہے۔
پاڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ انھیں ماں بننے کی تجویز بھی گئیونتھ پالٹرو نے دی تھی اور ان کا حوصلہ بڑھایا تھا۔
‘اگر آپ نہ ہوتیں، تو میں اس وقت ایک ماں نہیں ہوتی۔’