ہیڈلائن

ملک میں 2 لاکھ 82 ہزار 645 کورونا کیسز میں سے 2 لاکھ 58 ہزار سے زائد صحتیاب

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور یہاں 2 لاکھ 82 ہزار 645 کیسز میں سے 2 لاکھ 58 ہزار 99 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 6 ہزار 52 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

ملک میں کورونا وبا سے صحتیاب ہونے والوں کی یہ تعداد 91 فیصد سے زائد ہے جبکہ اس وقت ملک میں فعال کیسز 18 ہزار سے زیادہ رہ گئے ہیں۔

آج (7 اگست) کی صبح تک ملک میں مجموعی طور پر 323 کیسز اور 8 اموات کا اضافہ ہوا، جس میں 28 کیسز اور ایک موت گزشتہ شب کو آنے والے بلوچستان کے اعداد و شمار کے بھی شامل ہیں۔

اگرچہ ملک میں کورونا وائرس گزشتہ ریکارڈ کے مقابلے میں بے اثر ہورہا ہے تاہم اب بھی احتیاطی تدابیر اپنانے کی ضرورت پر زور دیا جارہا ہے۔‎

ملک میں حکومت کی جانب سے کورونا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے پابندیوں کو مزید نرم کرتے ہوئے سیاحت، ریسٹورنٹس، ٹرانسپورٹ، جمز، کیفیز، تفریحی مقامات کھولنے کا اعلان کیا تاہم تعلیمی ادارے اور شادی ہالز تاحال بند رکھے گئے ہیں اور ان کا فیصلہ ستمبر میں کیا جائے گا۔

یہی نہیں بلکہ حکومت نے کاروباری مراکز میں اوقات کار پر عائد پابندی کو بھی ختم کردیا۔

تاہم حکومت نے اس بات پر زور دیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے بتائی گئی احتیاطی تدابیر اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) پر عمل درآمد کیا جائے۔

اگر ملک میں مجموعی صورتحال کا جائزہ لیں تو جون کے مقابلے میں جولائی میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں کمی آئی اور یہ سلسلہ اگست میں بھی جاری ہے۔

آج (7 اگست) کو ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات کے بعد کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

پنجاب

ملک میں آبادی کے حساب سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 193 کیسز اور 2 اموات کا اضافہ ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان 193 مریضوں کے بعد مجموعی کیسز 94 ہزار 40 تک پہنچ گئے۔

اس کے علاوہ 2 افراد ایسے بھی تھے جو کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرگئے اور یوں مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 164 تک پہنچ گئی۔

بلوچستان

صوبہ بلوچستان میں کورونا وائرس 6 اگست کو مزید 28 افراد کو متاثر اور ایک کی جان لے لیا۔

سرکاری حکام کی جانب سے سامنے آنے والے 6 اگست کے اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں ان نئے مریضوں کے بعد مجموعی کیسز 11 ہزار 821 تک پہنچ گئے۔

علاوہ ازیں ایک فرد کے انتقال نے وہاں مجموعی اموات کو 137 تک پہنچا دیا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں 41 کا اضافہ ہوا جبکہ 3 افراد لقمہ اجل بنے۔

اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت میں مزید 41 افراد کے متاثر ہونے سے مجموعی کیسز 15 ہزار 182 ہوگئے۔

مزید برآں وہاں 3 افراد کا انتقال بھی ہوا اور مجموعی اموات کی تعداد 170 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

اس وائرس سے دوسرے نمبر پر کم متاثرے علاقے گلگت بلتستان میں یومیہ کیسز کی تعداد میں کچھ اضافہ دیکھا گیا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان میں 53 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی اور مجموعی متاثرین کی تعداد 2 ہزار 257 تک جاپہنچی۔

آزاد کشمیر

ملک کے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں کورونا کی وبا کی 8 نئے مریضوں میں تشخیص ہوئی جبکہ 2 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

اس طرح وہاں اب تک سامنے آنے والے کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 124 ہوگئی۔

مزید برآں آزاد کشمیر میں 2 افراد کورونا وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے اور مجموعی اموات 57 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں جہاں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد میں کمی دیکھی جارہی ہے وہیں صحتیاب افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے جو امید کی کرن ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 41 مریض ایسے تھے جو مکمل صحتیاب ہوگئے۔

یوں اب تک ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب افراد کی تعداد 2 لاکھ 58 ہزار 99 ہوگئی جو 91 فیصد سے زائد ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 282645

اموات: 6052

صحتیاب: 258099

فعال کیسز: 18494

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 22 ہزار759 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 94 ہزار 40 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 34 ہزار 432 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 821 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 182 ، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 124 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 287 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2250

پنجاب: 2164

خیبرپختونخوا: 1219

بلوچستان: 137

اسلام آباد: 170

گلگت بلتستان: 55

آزاد کشمیر: 57