Site icon DUNYA PAKISTAN

اسٹوکس ذاتی وجوہات کے باعث پاکستان کے خلاف سیریز سے دستبردار

Share

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر ذاتی وجوہات کے باعث پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بقیہ میچوں میں شامل نہیں ہوں گے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے بیان میں کہا کہ ‘آل راؤنڈر بین اسٹوکس خاندانی وجوہات کے باعث پاکستان کے خلاف ریزدی بیٹ ٹیسٹ سیریز کے بقیہ میچوں میں شامل نہیں ہوں گے’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘اسٹوکس رواں ہفتے کے آخر میں برطانیہ سے نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہوں اور پاکستان کے خلاف 13 اگست اور 21 اگست سے شروع ہونے والے دونوں ٹیسٹ نہیں کھیل پائیں گے’۔‎

بورڈ نے اسٹوکس کی دستبرداری کے حوالے سے آگاہ کیے بغیر میڈیا سے پرائیویسی برقرار رکھنے کی درخواست کی۔

کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق اسٹوکس کے والد گیڈ گزشتہ برس انگلینڈ کے دورے میں جنوبی افریقہ کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ سے قبل علیل ہو کر ہسپتال میں داخل ہوئے تھے تاہم صحت یابی کے بعد گھر واپس آگئے تھے۔

بین اسٹوکس انگلینڈ کی ٹیم کے نائب کپتان ہیں اور ویسٹ انڈیز کے خلاف حال ہی میں پہلے ٹیسٹ میں روٹ کی عدم موجودگی میں قیادت کی تھی۔

تجربہ کار آل راؤنڈر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ کھیلا جاچکا ہے جس میں انگلینڈ نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر برتری حاصل کرلی ہے۔

بین اسٹوکس نے پاکستان کے خلاف پہلے میچ میں خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھائی تھی تاہم جاز بٹلر اور کرس ووکس نے دوسری اننگز میں ٹیم کو کامیابی دلائی تھی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 13 اگست کو شروع ہوگا جو مہمان ٹیم کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

Exit mobile version