پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتری کیجانب گامزن ہے ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 162 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 5 افراد کا انتقال ہوا اور 1947 مریض صحتیاب ہوگئے۔
ملک میں اب تک مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 85ہزار 921 ہے جس میں سے 2 لاکھ 63 ہزار 143 صحتیاب جبکہ 6 ہزار 129 کا انتقال ہوا ہے۔
اگر فیصد کے حساب سے دیکھیں تو ملک میں 92 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ تقریباً 6 فیصد فعال کیسز اور 2 فیصد کے لگ بھگ اموات ہوئی ہیں۔
ہرگزرتے دن کے ساتھ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتر ہورہی ہے تاہم حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر احتیاط نہ کی گئی تو یہ وبا دوبارہ بڑھ سکتی ہے، اسی سلسلے میں انہوں نے یوم آزادی اور محرم الحرام کے لیے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) تیار کیے ہیں تاکہ اس پر عمل کیا جائے۔تحریر جاری ہے
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا اور اس وبا کو ساڑھے 5 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔
اس وقت کے دوران ملک میں کورونا کیسز میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوا اور جون کا مہینہ اب تک کا سب سے تشویشناک مہینہ ثابت ہوا، تاہم جولائی میں یومیہ کیسز میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔
آج ( 12 اگست) کو ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔
پنجاب
صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز میں 129 اور اموات میں 3 کا اضافہ ہوا۔
سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 129 تھی، جس کے بعد مجموعی کیسز 94 ہزار 715 ہوگئے۔
اسی طرح مزید 3 افراد کے انتقال کرنے نے صوبے میں اموات کی تعداد کو 2 ہزار 177 تک پہنچا دیا۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وبا سے مزید 15 افراد متاثر اور ایک کا انتقال ہوا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت میں سامنے آنے والے کیسز کے بعد وہاں مجموعی تعداد 15 ہزار 296 ہوگئی۔
مزید برآں ایک اور فرد کی جان جانے سے اموات کی مجموعی تعداد 172 تک پہنچ گئی۔
گلگت بلتستان
ملک کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں اس وبا نے 11 افراد کو متاثر کیا اور ایک کی جان لی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں گلگت بلتستان میں سامنے آئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 2 ہزار 382 ہوگئی۔
علاوہ ازیں کورونا وائرس کی وجہ سے وہاں ایک فرد کا انتقال بھی ہوا اور یہ تعداد 58 ہوگئی۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 7 نئے کیسز کی تصدیق ہوگئی۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے 7 کیسز نے مجموعی تعداد کو 2 ہزار 157 تک پہنچ گئی۔
صحتیاب افراد
ملک میں مریضوں میں اضافے کے ساتھ ہی صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے اور اب تک 92 فیصد مریض شفا پاچکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 1947 مریض صحتیاب ہوئے اور اس طرح مجموعی تعداد 2 لاکھ 63 ہزار 193 ہوگئی۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 285921
اموات: 6129
صحتیاب: 263143
فعال کیسز: 16599
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 24 ہزار 556 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 94 ہزار 715 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 34 ہزار 859 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 956 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 296، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 157 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 382 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:
سندھ: 2290
پنجاب: 2177
خیبرپختونخوا: 1235
بلوچستان: 138
اسلام آباد: 172
آزاد کشمیر: 59
گلگت بلتستان: 58