کورونا وبا: ملک میں 92 فیصد مریض صحتیاب، فعال کیسز 17 ہزار سے کم
دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کو متاثر اور لاکھوں لوگوں کی جان لینے والی عالمی وبا کورونا وائرس کا پاکستان میں پھیلاؤ جاری ہے تاہم اس کے یومیہ کیسز میں بڑی حد تک کمی ہوگئی ہے۔
ملک میں اب تک مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 86 ہزار 674 ہے جس میں سے 2 لاکھ 64 ہزار 60 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 6 ہزار 139 لقمہ اجل بنے ہیں۔
آج (13 اگست) کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں 204 اور اموات میں 3 کا اضافہ ہوا جبکہ 867 مریض شفایاب بھی ہوگئے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں یہ عالمی وبا خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں آخر میں آئی تھی اور 26 فروری 2020 کو پہلا کیس کراچی میں رپورٹ ہوا تھا۔تحریر جاری ہے
جس کے بعد اس کے کیسز میں بتدریج اضافہ دیکھا گیا اور مئی اور جون اس وبا کے تشویشناک ثابت ہوئے اور ملک میں یومیہ کیسز کی تعداد 6 ہزار اور اموات 100 سے زیادہ ہونے لگیں۔
تاہم جولائی کے مہینے میں یہ اعداد و شمار کم ہونا شروع ہوئے اور اس ماہ کے آخر اور اگست میں یومیہ کیسز کی صورتحال تبدیل ہوگئی۔
ملک میں کیسز کی کمی اور صورتحال کی بہتری کے ساتھ ہی لاک ڈاؤن کے تحت عائد کی گئی پابندیاں بڑی حد تک ختم کردی گئیں تاہم تعلیمی ادارے اور شادی ہالز بند رکھنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا۔
اسی کے ساتھ ہی حکام اس بات سے بھی خبردار کر رہے ہیں کہ اگر احتیاط نہ برتی گئی تو یہ وبا دوبارہ پھیل سکتی ہے۔
آج (13 اگست) کے اعداد و شمار کو دیکھیں تو صورتحال کچھ اس طرح ہے۔
پنجاب
ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں یہ عالمی وبا مزید 150 افراد کو متاثر کرگئی جبکہ 2 افراد کی موت کا باعث بنی۔
سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق 150 نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 94 ہزار 865 ہوگئی۔
اس کے علاوہ 2 افراد کے انتقال کرنے سے اموات کی تعداد 2 ہزار 179 ہوگئی۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وبا 27 افراد کو متاثر کرگئی جبکہ ایک فرد کا انتقال بھی ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق ان 27 افراد کے بعد وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 15 ہزار 323 ہوگئی۔
علاوہ ازیں ایک فرد کے انتقال کرجانے سے اموات کی مجموعی تعداد 173 تک پہنچ گئی۔
گلگت بلتستان
ملک کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا وبا کے 20 مریض سامنے آئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے مریضوں کے بعد گلگت بلتستان میں کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 402 ہوگئی۔
آزاد کشمیر
ملک میں آزاد کشمیر وائرس سے سب سے کم متاثر ہونے والا علاقہ ہے جہاں کیسز کی تعداد میں مزید 7 کا اضافہ ہوا۔
یوں آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 ہزار 164 تک جاپہنچی۔
صحتیاب افراد
کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد دن بدن بڑھ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 867 افراد شفاپاگئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعد اب تک شفاپانے والوں کی تعداد 2 لاکھ 64 ہزار 60 ہوگئی جو مجموعی کیسز کا 92 فیصد ہے۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 286674
اموات: 6139
صحتیاب: 264060
فعال کیسز: 16475
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 24 ہزار 929 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 94 ہزار 865 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 34 ہزار 947 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 44 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 323، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 164 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 402 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:
سندھ: 2297
پنجاب: 2179
خیبرپختونخوا: 1235
بلوچستان: 138
اسلام آباد: 173
آزاد کشمیر: 59
گلگت بلتستان: 58