ہیڈلائن

پاکستان میں کورونا کی صورتحال قدرے بہتر، دنیا بھر میں متاثرین دو کروڑ سے زیادہ

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کے حوالے مختلف شہروں میں سمارٹ لاک ڈاؤن ختم ہونے اور گذشتہ ہفتے حکومت کی جانب سے تمام کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کے بعد بادی النظر میں ملک میں وبا کی صورتحال اب تک قابو میں ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں اور 670 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ اس کے مقابلے میں جون 13 کو جب وبا یومیہ کیسز کے حوالے سے عروج پر تھی، ملک میں 6825 کیسز سامنے آئے تھے اور 19 جون کو سب سے زیادہ اموات ہوئی تھیں جو کہ 153 تھیں۔

اب تک پاکستان میں 288,717 افراد اس مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں تاہم اس وقت 16,248 مریض زیر علاج ہیں۔ ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 6,168 ہو چکی ہے۔

ادھر دنیا بھر میں بھی کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے حالات قدرے بہتر ہو رہے ہیں۔

کل اعداد و شمار کے مطابق اب تک دنیا میں 2 کروڑ 14 لاکھ سے زیادہ مصدقہ مریض سامنے آ چکے ہیں جبکہ 7 لاکھ 71 ہزار سے زیادہ افراد کی اس مرض کے ہاتھوں ہلاکت ہو چکی ہے۔

آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ میں وبا کی دوسری لہر بھی اب تھمتی معلوم ہوتی ہے مگر حکومت نے ریاست میں ہنگامی صورتحال کو چار ہفتوں کے لیے 13 ستمبر تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آسٹریلیا میں اب بیشتر کیسز وکٹوریہ سے ہی آ رہے ہیں۔ آسٹریلوی وزیرِ صحت نے کہا ہے کہ وہ محتاط انداز میں مثبت امید لگائے بیٹھے ہیں کہ اگلے سال کورونا وائرس کی ویکسین دستیاب ہوگی اور ان کی حکومت ایک ایسے معاہدے کے قریب ہے جس کے تحت آسٹریلیا کو اس ویکسین کی پیداوار کی اجازی ہوگی۔

ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 17 اموات ہوئی ہیں اور 284 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

روسی صدر ولادیمیر پوتن نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے سائنسدانوں نے کورونا وئرس کی ایسی ویکسین تیار کر لی ہے جو کورونا وائرس کے خلاف کامیاب ثابت ہوئی ہے۔
،تصویر کا کیپشنروسی صدر ولادیمیر پوتن نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے سائنسدانوں نے کورونا وئرس کی ایسی ویکسین تیار کر لی ہے جو کورونا وائرس کے خلاف کامیاب ثابت ہوئی ہے۔

جنوبی کوریا میں 279 کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں جو کہ مارچ کے اوائل کے بعد سے سب سے بڑی یومیہ تعداد ہے۔

مگر ان میں سے صرف 12 ایسے تھے جو مقامی طور پر منتقل نہیں ہوئے اور زیادہ تر سیول یا اس کے مضافاتی علاقوں میں سے تھے۔

چین کے مغربی صوبے سنکیانگ میں حالات بہتر ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ مقامی طور پر منتقل ہونے والے صرف چار نئے کیسز تھے۔ چین کے دیگر علاقوں میں 19 نئے کیسز سمانے آئے ہیں مگر سب کے سب بیرونِ ملک سے آئے تھے۔

سعودی عرب میں حکام کا کہنا ہے کہ پبلک سکولوں میں پہلے سات ہفتوں تک ڈسٹنس لرننگ کا استعمال کیا جائے گا۔

تاہم کچھ مما لک میں صورتحال میں زیادہ بہتری نہیں آئی ہے۔

ترکی میں سنیچر کے روز 1256 نئے کیسز سامنے آئے جو کہ جون کے بعد سب سے یومیہ مریضوں کی تعداد ہے۔

ادھر روس میں بھی 4969 نئے مریضوں کے بعد ملک میں کل مریضوں کی تعداد 922853 ہوگئی ہے جو کہ دنیا میں کسی ملک میں چوتھی بڑی تعداد ہے۔