سائنس

ہواوے کے لیے امریکی عارضی لائسنس کی مدت ختم

Share

مئی 2019 کو امریکا نے ہواوے اور اس کی ذیلی کمپنیوں کو بللیک لسٹ کرتے ہوئے مقامی اداروں کو ٹیکنالوجی فراہم کرنے سے روک دیا تھا۔

تاہم مئی 2019 سے ہواوے اور اس کے ماریکی شراکت داروں کے لیے عارضی لائسنس جاری کیے جارہے تھے تاکہ وہ اپنے کام کو جاری رکھ سکیں۔

ان عارضی لائسنس کی مدت میں متعدد بار اضافہ کیا گیا مگر 13 اگست سے لائسنس کی مدت ختم ہوچکی ہے اور اس میں مزید اضافہ نہیں کیا گیا۔تحریر جاری ہے‎

عارضی لائسنس کی بدولت 16 مئی 2019 سے قبل تیار ہونے والے ہواوے اسمارٹ فونز کو گوگل کی جانب سے سیکیورٹی اپ ڈیٹس اور گوگل ایپس کی عام اپ ڈیٹس فراہم کی جارہی تھیں۔

مگر اب عارضی لائسنس کی مدت ختم ہونے سے ممکنہ طور پر گوگل کی جانب سے ہواوے کے اسمارٹ فونز کو سافٹ ویئر اپ ڈیٹس فراہم کرنے کا سلسلہ رک سکتا ہےجو کہ گوگل کے تیار کردہ اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم پر کام کرتے ہیں۔

رواں سال فروری میں گوگل کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا تھا کہ امریکی تجارتی پابندی کے نتیجے میں وہ ہواوے کے نئے فونز کو ٹیکنالوجی یا ایپس فراہم کرنے سے قاصر ہے، مگر مئی 2019 سے قبل کے ہواوے فونز کو اپ ڈیٹس کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ ہم ہواوے کے ساتھ کام جاری رکھیں گے اور حکومتی قوانین کی پابندی کرتے ہوئے پرانے فونز میں موجود گوگل ایپس اور سروسز کو اپ ڈیٹس اور سیکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم کی جائیں گی، یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک اجازت ہے۔

اب نئی پیشرفت پر گوگل کے ترجمان نے کہا کہ عارضی جنرل لائسنس سے کمپنی کو اپ ڈیٹس فراہم کرنے کی سہولت حاصل تھی، تاہم اب اس کی مدت ختم ہونے کے بعد کیا ہوگا، اس پر ترجمان نے کوئی رائے دینے سے گریز کیا۔

دوسری جانب ہواوے کے ایک ترجمان نے کہا کہ کمپنی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور ممکنہ اثرات کا تجزیہ کررہی ہے۔

ایسا امکان ہے کہ عارضی لائسنس اگر دوبارہ جاری نہ ہوا تو 16 مئی 2019 سے پہلے تیار ہونے والے ہواوے فونز میں موجود گوگل ایپس کو مزید اپ ڈیٹس نہیں مل سکیں گی کیونکہ گوگل کی جانب سے ہواوے کو فراہم کی جانے والی ہر اپ ڈیٹ کو سرٹیفائی کیا جاتا ہے۔

تجاربی پابندی کے مکمل اطلاق اور لائسنس نہ ہونے پر گوگل مزید ایسا نہیں کرسکے گا۔

ویسے اس بات کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے کہ پرانے ہواوے فونز مکمل طور پر گوگل سپورٹ سے محروم ہوجائیں گے۔

فی الحال ہواوے یا امریکی محکمہ تجارت کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی بتایا گیا ہے کہ عارضی لائسنس کی مدت میں مزید اضافہ ہوگا یا نہیں۔

صورتحال واضح نہ ہونے پر ہواوے اور آنر کے پرانے فونز استعمال کرنے والے افراد کو مستقبل قریب میں پریشانی کا سامنا ہوسکتا ہے۔