پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں دن بدن بہتری آرہی ہے اور اب تک مصدقہ کیسز میں سے 93 فیصد صحتیاب ہوچکے ہیں جو باقی رہ جانے والوں کے لیے امید کی کرن ہے۔
ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 89 ہزار 832 ہے، جس میں سے 2 لاکھ 70 ہزار 9 شفایاب ہوئے ہیں اور 6 ہزار 190 جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
آج 18 اگست کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 226 نئے کیسز اور 6 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 922 لوگ شفایاب ہوگئے۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو آیا تھا اور اس تقریباً 6 ماہ کے عرصے میں ملک میں کیسز کم سے زیادہ اور پھر واپس کم ہوتے دیکھے گئے۔ ملک کی ان 6 ماہ کی صورتحال پر اگر ایک نظر ڈالیں تو فروری کے آخر سے آنے والا یہ وائرس مارچ کے آخر تک بہت کم لوگوں میں تھا، تاہم پھر اس کا پھیلاؤ بڑھا اور اپریل میں اس کے کیسز میں تیزی آنا شروع ہوگئی۔تحریر جاری ہے
مئی میں کورونا وائرس کے کیسز میں مزید تیزی دیکھی گئی جبکہ جون میں صورتحال مکمل تبدیل ہوگئی، ایک طرف یومیہ کیسز کی تعداد 6 ہزار سے بڑھ گئی تو وہی اموات بھی 100 سے زیادہ سامنے آنے لگیں۔
جس کے بعد جولائی میں صورتحال کچھ بہتری کی جانب آتی دکھائی دی اور یومیہ کیسز اور اموات کی شرح میں کمی واقع ہوئی جبکہ اگست میں حالات مزید بہتر ہوگئے اور ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے لگی پابندیاں بڑی حد تک ختم کردی گئیں۔
آج 18 اگست کو ملک میں نئے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ اس طرح ہے۔
پنجاب
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس مزید 164 افراد کو متاثر جبکہ 3 کی جان لے گیا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے مریضوں کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 95 ہزار 611 تک پہنچ گئی۔
اس کے علاوہ صوبے میں 3 اموات کے باعث مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 185 تک جاپہنچی۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 11 افراد کو متاثر اور 2 کی جان لے گیا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں 11 مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 15 ہزار 401 ہوگئی۔
مزید برآں وہاں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے اور وہاں اموات 175 تک پہنچ گئیں۔
گلگت بلتستان
ملک کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں مزید 36 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں آنے والے کیسز کے بعد وہاں مجموعی تعداد 2 ہزار 538 تک پہنچ گئی۔
آزاد کشمیر
ملک کے سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس سے مزید 15 افراد متاثر ہوئے جبکہ ایک فرد کا انتقال ہوا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان نئے مریضوں کے بعد کیسز کی تعداد 2 ہزار 199 ہوگئی۔
مزید برآں وہاں ایک موت سے وہاں مجموعی اموات کی تعداد 61 تک جا پہنچی۔
صحتیاب افراد
ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور مجموعی مریضوں میں سے 93 فیصد شفا پاچکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 922 مریض صحتیاب ہوئے جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر شفا پانے والوں کی تعداد 2 لاکھ 70 ہزار 9 ہوگئی۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 289832
اموات: 6190
صحتیاب: 270009
فعال کیسز: 13633