Site icon DUNYA PAKISTAN

سپورٹس: کرنسی نوٹ اور سکوں پر کھلاڑیوں کے چہرے

Share

اگر آپ کسی کرنسی نوٹ پر جارج واشنگٹن کی تصویر دیکھیں تو یہ پتا چلانا بالکل آسان ہوتا ہے کہ یہ امریکی کرنسی نوٹ ہے۔ اسی طرح ملکہ برطانیہ کی تصویر برطانوی پاؤنڈ پر دکھائی دیتی ہے۔ محمد علی جناح، گاندھی اور مجیب الرحمن کی تصاویر پاکستان، انڈیا اور بنگلہ دیش کے کرنسی نوٹوں پر موجود ہیں۔

عام طور پر کسی بھی ملک کے کرنسی نوٹ پر سرکاری یا قومی شخصیات کے چہرے دکھائی دیتے ہیں لیکن ایک کرکٹر ایسا بھی ہے جس کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں اس کی تصویر والا کرنسی نوٹ جاری کیا گیا۔ یہ اپنی نوعیت کی واحد مثال ہے کہ کسی کرنسی نوٹ پر کسی ٹیسٹ کرکٹر کا چہرہ نظر آتا ہے۔

یہ کرکٹر ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان سر فرینک وارل ہیں۔ مارچ 2002 میں سینٹرل بینک آف باربیڈوس کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر پانچ ڈالر کا کرنسی نوٹ جاری کیا گیا تھا جس پر سرفرینک وارل کی تصویر تھی۔ سرفرینک وارل کی تصویر والا ڈاک ٹکٹ بھی سنہ 1988 میں جاری کیا گیا تھا۔

سرفرینک وارل ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کے پہلے سیاہ فام کپتان بھی تھے۔ وہ ان تین ٹیسٹ کرکٹرز میں سے ایک ہیں جو کرکٹ کی دنیا میں ’تھری ڈبلیوز‘ کے نام سے مشہور ہوئے۔ فرینک وارل کے علاوہ دیگر دو ڈبلیوز، ایورٹن ویکس اور کلائیڈ والکوٹ ہیں۔

سر فرینک وارل کی انسانی ہمدردی کے اعتراف میں سنہ 2009 میں ٹرینیڈاڈ ٹوباگو میں خون کے عطیہ کی آگاہی شروع کی گئی جس کا افتتاح 74 سالہ ناری کنٹریکٹر نے کیا تھا۔ یہ وہی ناری کنٹریکٹر ہیں جو سنہ 1962 میں ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر چارلی گریفتھ کی گیند سر پر لگنے سے زخمی ہو گئے تھے اور اس موقع پر سر فرینک وارل نے انھیں خون کا عطیہ دیا تھا۔

بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن آج بھی سر فرینک وارل کی اس انسان دوستی کا اعتراف کرتے ہوئے مغربی بنگال میں خصوصی دن مناتی ہے۔

سر فرینک وارل کی تصویر والا نوٹ لارڈز کے تاریخی ایم سی سی میوزیم میں بھی موجود ہے۔

سکوں پر کھلاڑی

مختلف ممالک میں قومی اہمیت کے حامل دنوں کے موقع پر یادگاری سکے جاری کیے جاتے رہے ہیں جن پر کھلاڑیوں کی شبیہہ کندہ ہوتی ہے۔

اس سلسلے کی تازہ مثال بیس گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹس کے فاتح راجر فیڈرر ہیں۔ سوئٹزر لینڈ کی حکومت نے گذشتہ سال دسمبر میں بیس سوئس فرانک مالیت کا چاندی کا سکہ جاری کیا تھا جس پر راجر فیڈر کی تصویر کندہ ہے۔

سوئٹزر لینڈ کی حکومت نے اس موقع پر یہ اعلان بھی کیا تھا کہ وہ سنہ 2020 میں پچاس سوئس فرانک مالیت کا سونے کا سکہ بھی جاری کرے گی جس پر راجر فیڈر کی شبیہہ ہو گی۔

آسٹریلیا میں اب تک صرف دو کرکٹرز کی خدمات کےاعتراف میں سکے جاری ہوئے ہیں۔

،تصویر کا کیپشنسنہ 1999 میں سری لنکا نے پانچ روپے کا سکہ جاری کیا جس میں سنہ 1996 ورلڈ کپ کی جیت کو اجاگر کیا گیا تھا۔ سکے کے ایک رخ پر ورلڈ کپ کی شبیہہ تھی جبکہ دوسرے رخ پر فاتح کپتان ارجنا رانا تنگا کا بیٹنگ ایکشن تھا

اگست 2008 میں سر ڈان بریڈمین کی صد سالہ سالگرہ کے موقع پر یادگاری سکہ جاری کیا گیا۔

نومبر 2016 میں سابق کپتان رچی بینو کی خدمات کے اعتراف میں پچاس سینٹ مالیت کا سکہ جاری کیا گیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ سکے 95229 کی تعداد میں جاری کیے گئے تھے جو رچی بینو کی اپنے کریئر میں کرائی گئی گیندوں، رنز اور وکٹوں کی مجموعی تعداد کے برابر تھی۔

اس سال آسٹریلیا میں خواتین ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے موقع پر دو ڈالر مالیت کا سکہ جاری ہوا جس پر خاتون کرکٹر کی بیٹنگ کرتے ہوئے شبیہہ ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی خاتون کرکٹر کو آسٹریلوی سکے پر جگہ ملی ہے۔

سنہ 1999 میں سری لنکا نے پانچ روپے کا سکہ جاری کیا جس میں سنہ 1996 ورلڈ کپ کی جیت کو اجاگر کیا گیا تھا۔ سکے کے ایک رخ پر ورلڈ کپ کی شبیہہ تھی جبکہ دوسرے رخ پر فاتح کپتان ارجنا رانا تنگا کا بیٹنگ ایکشن تھا۔

Exit mobile version