ہیڈلائن

پاکستان میں کورونا کے 2 لاکھ 90 ہزار سے زائد مریضوں میں سے 93 فیصد صحتیاب

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن بہتری کی جانب گامزن ہیں اور اب تک مصدقہ 2 لاکھ 90 ہزار 445 کیسز میں سے 2 لاکھ 72 ہزار 128 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 6201 ہے۔

ملک میں آج 19 اگست کی صبح تک کورونا وائرس کے مزید 182 کیسز اور 2 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 2 ہزار 119 افراد صحتیاب بھی ہوگئے۔

یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے بعد تعلیمی اداروں کی بندش سمیت مختلف پابندیاں لگائی گئی تھیں۔

تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ان پابندیوں کے باعث معاشی صورتحال میں بھی بگڑ رہی تھی جس کے باعث مختلف شعبوں کو کھولنے اور اسمارٹ لاک ڈاؤن کے طریقہ کار کو اپنایا گیا۔تحریر جاری ہے‎

بعد ازاں جون کے مہینے میں یہ وائرس پاکستان میں اپنی بلندیوں تک پہنچا اور یومیہ 6 ہزار کیسز اور 100 سے زائد اموات رپورٹ ہونے لگیں تاہم جولائی میں صورتحال بہتری کی سمت پر گامزن ہوگئی۔

اگست میں صورتحال مزید بہتر ہوگئی ہے اور اب یومیہ کیسز اور اموات میں کمی آرہی ہے۔

آج 19 اگست کو ملک میں صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 131 کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 95 ہزار 475 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال کرنے سے صوبے میں اموات کی تعداد 2 ہزار 186 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 11 لوگوں کو متاثر کرگیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 11 نئے کیسز کے بعد دارالحکومت میں کیسز 15 ہزار 412 تک پہنچ گئے۔

گلگت بلتستان

ملک کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 27 مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ ایک فرد کا انتقال ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آئے نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 565 تک پہنچ گئی۔

مزید برآں ایک فرد کے انتقال کرجانے سے وہاں اموات 62 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 13 افراد متاثر ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 13 افراد کے متاثر ہونے سے وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 212 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں کیسز میں کمی کے ساتھ ہی صحتیاب افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے اور اب تک ملک میں 93 فیصد سے زائد مریض شفاپاچکے ہیں

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 119 مریض شفایاب ہوگئے، جس کے بعد مجموعی تعداد 2 لاکھ 72 ہزار 128 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 290445

اموات: 6201

صحتیاب: 272128

فعال کیسز: 12116