پاکستان میں ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور ملک میں مصدقہ کیسز میں سے 93 فیصد صحتیاب ہوچکے ہیں۔
ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 91 ہزار 567 ہے جس میں سے 2 لاکھ 73 ہزار 579 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 6 ہزار 219 کی اموات ہوئی ہیں۔
آج (21 اگست) کی صبح تک ملک میں 211 نئے کیسز اور 2 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 775 مریض صحتیاب ہوئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر سے سامنے آنے والے اس کورونا وائرس کا پاکستان میں پہلا کیس 26 فروری 2020 کو سامنے آیا تھا۔تحریر جاری ہے
اس کیس کے سامنے آتے ہی ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش سمیت مختلف پابندیاں عائد کی گئی تھی تاکہ اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکا یا محدود کیا جاسکے۔
جس کے باعث مارچ میں اس وائرس کے کیسز کی تعداد کافی حد تک کم تھی، تاہم اپریل میں اس میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور مئی میں کیسز کی تعداد کافی حد تک بڑھ گئی۔
تاہم جون کا مہینہ ایسا تھا جہاں صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی اور یومیہ 6 ہزار سے زائد کیسز اور 100 سے زائد اموات سامنے آنے لگیں۔
جس کے بعد جولائی کے مہینے میں صورتحال میں کچھ بہتری آنا شروع ہوئی اور یومیہ کیسز کی تعداد کم ہوگئی، تاہم اگست کے مہینے میں صورتحال کافی حد تک بہتر ہوگئی اور یومیہ کیسز ہزاروں سے کم ہوکر سیکڑوں پر آگئے۔
اس کے علاوہ اموات کی شرح بھی کافی حد تک کم ہوکر یومیہ کے حساب سے یہ درجن یا 2 درجن کے اندر تک آگئی۔
آج (21 اگست) کو صورتحال کچھ اس طرح رہی۔
پنجاب
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 158 نئے کیسز اور 2 اموات کی تصدیق ہوئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 158 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور کیسز کی مجموعی تعداد 95 ہزار 958 ہوگئی۔
اسی طرح مزید 2 افراد کے انتقال کرنے سے وہاں اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 188 تک جاپہنچی۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 28 کیسز کی تصدیق ہوئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد وہاں اب تک کی مجموعی تعداد 15 ہزار 453 ہوگئی۔
گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں کورونا وائرس مزید 21 افراد کو متاثر کرگیا۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان 21 مریضوں سے وہاں مجموعی کیسز 2 ہزار 604 تک پہنچ گئے۔
آزاد کشمیر
ملک کے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کی وبا 4 افراد کو مزید متاثر کرگئی۔
یوں وہاں اب تک مجموعی طور پر متاثر ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار 229 تک جاپہنچی۔
صحتیاب افراد
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری کی سب سے بڑی وجہ لوگوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا ہے۔
ملک میں اب تک مجموعی کیسز میں سے 93 فیصد سے زائد صحتیاب ہوگئے ہیں جو دیگر باقی رہ جانے والے مریضوں کے لیے امید کی کرن ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 775 افراد شفایاب ہوئے اور یوں مجموعی تعداد 2 لاکھ 73 ہزار 579 تک پہنچ گئی۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 291567
اموات: 6219
صحتیاب: 273579
فعال کیسز: 11769