ہیڈلائن

کورونا وبا: پاکستان میں پونے 3 لاکھ سے زائد مریض صحتیاب، فعال کیسز 11 ہزار سے کم

Share

ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن بہتری کی جانب گامزن ہے اور ملک میں 94 فیصد مریض صحتیاب ہوگئے ہیں جبکہ فعال کیسز 11 ہزار سے بھی کم رہ گئے ہیں۔

پاکستان میں مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 92 ہزار 174 ہے جس میں سے 2 لاکھ 75 ہزار 317 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 6 ہزار 231 ہے۔

یہاں خوش آئند بات یہ ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں اس وائرس کے باعث کوئی نئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری دیگر باقی رہ جانے والے مریضوں کے لیے امید کی کرن ہے۔تحریر جاری ہے‎

اگر پاکستان میں اس وائرس کے آغاز سے صورتحال کی بات کی جائے تو 26 فروری کو اس وبا کا پہلا کیس کراچی میں رپورٹ ہوا جس کے بعد ملک میں مختلف پابندیاں عائد کی گئیں تاکہ وائرس کا پھیلاؤ روکا جاسکے۔

تاہم ابتدا میں وائرس کا پھیلا کم رہا لیکن اپریل کے مہینے سے کیسز بڑھنا شروع ہوئے اور مئی میں اس میں کافی اضافہ ہوا تاہم جون میں صورتحال مکمل طور پر تبدیل ہوگئی۔

ماہ جون میں یومیہ کیسز کی تعداد 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرگئی تاہم جولائی میں صورتحال بہتر ہونا شروع ہوئی۔

جس کے بعد اگست میں یومیہ صورتحال کافی حد تک بہتر ہوگئی اور ملک میں مختلف شعبوں پر عائد پابندیوں کو بڑی حد تک ختم کردیا گیا۔

آج (22 اگست) کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس مزید 99 افراد کو متاثر کرگیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹون کے دوران سامنے آئے نئے مریضوں کی تعداد 99 تھی، یوں مجموعی کیسز 96 ہزار 57 تک پہنچ گئے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 19 افراد کو متاثر کرگیا۔

اعداد و شمار کے مطابق سامنے آنے والے ان نئے 19مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 15 ہزار 472 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

ملک کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 34 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے مریضوں کے بعد وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار 638 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

پاکستان میں سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 18 نئے مریض سامنے آئے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ان نئے 18 کیسز سے مجموعی کیسز 2 ہزار 241 تک پہنچ گئے۔

صحتیاب افراد

ملک میں صحتیاب افراد کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک 94 فیصد مریض شفاپاچکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ان شفایاب ہونے والوں کی تعداد میں ایک ہزار 738 کا اضافہ ہوا، جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 75 ہزار 317 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 292174

اموات: 6231

صحتیاب: 275317

فعال کیسز: 10626