ڈسپلے کے اندر نصب فرنٹ کیمرے والے اسمارٹ فون کی پہلی جھلک سامنے آگئی
چینی کمپنی زی ٹی ای پہلے ہی اعلان کرچکی ہے کہ وہ انڈر ڈسپلے کیمرے سے لیس دنیا کا پہلا بڑے پیمانے پر تیار ہونے والے اسمارٹ فون یکم ستمبر کو متعارف کرارہی ہے جس میں سیلفی کیمرا ڈسپلے کے اندر نصب ہوگا۔
اب اس کی پہلی جھلک بھی سامنے آگئی ہے جو کمپنی کی جانب سے ہی جاری کی گئی ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بغیر فرنٹ کیمرے کے فون کی اسکرین کیسی ہوگی۔
ایکسون 2 فائیو جی نامی فون کی یہ جھلک یا خاکے زی ٹی ای کے موبائل ڈیوائسز ڈویژن کے صدر نائی فی نے چینی سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر شیئر کیے گئے۔
اوپر موجود تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فون کی فرنٹ اسکرین پر کوئی ہول پنچ یا نوچ موجود نہیں اور مکمل بیزل لیس اسکرین نظر آرہی ہے۔تحریر جاری ہے
نائی فی نے ایک اور تصویر بھی ویبو پر شیئر کی جس سے معلوم ہوتا ہے کہ بغیر کیمرے کی اسکرین پاور آن ہونے پر کیسی نظر آتی ہے۔
پاور آن ہونے پر صحیح معنوں پر اندازہ ہوتا ہے کہ فون میں کسی قسم کے بیزل نہیں، بس نیچے ایک پتلی سی لکیر نظر آرہی ہے۔
زی ٹی ای پہلی کمپنی نہیں جو ڈسپلے کے اندر نصب کیمرے پر مبنی فون پر کام کررہی ہے۔
اوپو اور شیاؤمی کی جانب سے بھی اس ٹیکنالوجی پر کام کیا جاارہا ہے مگر ابھی تک یہ واضح نہیں کہ یہ کیمرے اس طرح کام کریں گے جیسے دیگر فونز کے سیلفی کیمرے کام کرتے ہیں۔
لیکس کے مطابق زی ٹی ای ایکسون 20 میں اسکرین کے اندر چھپا سیلفی کیمرا 32 میگا پکسل کا ہوگا جبکہ بیک پر 64 اور 8 میگا پکسل کیمروں کے ساتھ 2، دو میگا پکسل کے 2 سنسرز دیئے جائیں گے۔
اس کے علاوہ 2.4 گیاہرٹز پراسیسر،6، 8 اور 12 جی بی ریم ، 64، 128 اور 256 جی بی اسٹوریج جبکہ 4120 ایم اے ایچ بیٹری دیئے جانے کا بھی امکان ہے۔
فون کی قیمت فی الحال بتانا مشکل ہے تاہم زی ٹی ای کی ڈیوائسز دیگر کمپنیں کے مقابلے سستی ہوتی ہیں۔
زی ٹی ای کی جانب سے اس اعلان کے ساتھ ساتھ ایک اور چینی کمپنی ہواوے کی جانب سے بھی آل اسکرین فنگرپرنٹ سنسر ٹیکنالوجی اور انڈر ڈسپلے کیمرے سے لیس اسمارٹ فون کی رپورٹ بھی سامنے آئی۔